انٹرنیشنل ڈگری کی حامل دوسری بڑی یونیورسٹی کا قیام اور بائی پاس اہلیان ہری پور کیلئے تحفے ہیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

پیر 9 مئی 2016 13:11

ہری پور۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 3 سال اداروں میں اصلاحات، کرپشن کے خاتمہ اور انصاف کی فراہمی میں گذر گئے، اب عملی میدان میں نکلے ہیں، ہر ضلع اور شہر جائیں گے، ہم نے صوبہ میں سیاست کا رخ بدل کر رکھ دیا ہے۔ وہ گذشتہ روز ہری پور میں خان پور روڈ پر بائی پاس منصوبہ، منگ کے مقام پرانجینئرنگ یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ہری پورمیں نئے بلاک کے افتتاح اور جوڈیشل کمپلیکس میں ڈسٹرکٹ بارکی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وزیر تعلیم عاطف خان، مشیر ہائر ایجوکیشن مشتاق غنی، مشیر مواصلات اکبر ایوب خان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پرتحریک انصاف کے رہنما یوسف ایوب خان، یونیورسٹی آف ہری پور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر علی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ منگ کے مقام پر9 ارب 30 کروڑ کی لاگت سے نمل کے بعد انٹرنیشنل ڈگری کی حامل دوسری بڑی یونیورسٹی کا قیام اور خانپور روڈ پر پونے 4 ارب روپے کے بائی پاس کی تعمیر کا افتتاح اہلیان ہری پور کیلئے تحفے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، پٹوارخانوں، تھانوں حتیٰ کہ ہر محکمہ میں تبدیلی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ یوسف ایوب خان آج کہتے ہیں کہ حطار میں نئے صنعتی زون میں کارخانے لگانے کیلئے ملک بھر کے صنعت کار یہاں آرہے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے صنعت کاروں کو بہت زیادہ مراعات دی ہیں، قرضوں پر 7.5 فیصد میں سے5 فیصد صوبائی حکومت برداشت کر رہی ہے، صنعتوں میں بجلی، فون گیس اور دیگرسہولیات ون ونڈو آپریشن کے تحت ایک ہی درخواست پر فراہم کی جائیں گی جس کیلئے ایک پرفارما صنعت کاروں کو دیدیا ہے لیکن اس کے ساتھ صنعتوں میں ملازمین بھرتی کرنے میں پہلا حق اس ضلع، دوسرا صوبہ اور پھر تیسرے نمبر پر دیگر صوبوں سے مشروط کر دیا ہے، ہم زیادہ سے زیادہ متوسط اورغریب طبقہ کو اوپر لانا چاہتے ہیں، سرکاری ملازمین کو عوام کی خدمت کرنے کیلئے ان کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔

عوام کے مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔اس موقع پروزیراعلیٰ نے غازی میں میڈیکل کالج تعمیرکرنے کا بھی اعلان کیا۔