وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے خود ساختہ جرگوں پر پابندی عائد کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے سفارشات طلب کر لیں

پیر 9 مئی 2016 13:10

ہری پور۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے خود ساختہ جرگوں پر پابندی عائد کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے اس حوالہ سے سفارشات طلب کر لی ہیں۔ وزیراعلیٰ کے دورہ ہری پور کے موقع پر آواز کنسورشیم کے صوبائی رکن آواز ڈسٹرکٹ فورم ہری پور کے صدر اور ڈی آر سی کے تحسین الحق اعوان نے مختصر ملاقات میں پرویز خٹک کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ عدالتوں، کچہریوں، تھانوں اور تنازعات کے حل کیلئے قائم ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسلز سمیت دیگر ریاستی اداروں کی موجودگی میں جرگہ سسٹم کی کیا حیثیت ہے کیونکہ اسی طرح کے ایک جرگہ کے فیصلہ پر ہزارہ میں کچھ دن قبل نویں جماعت کی طالبہ کے بہیمانہ قتل اور پھر اس کو گاڑی میں باندھ کر آگ لگاکر جلانے کے واقعہ سے پوری انسانیت تڑپ اٹھی ہے اور اس کی پوری تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے عنبرین قتل کیس کی تحقیقات پوری جانفشانی سے کرنے پرپولیس افسران خصوصا ڈی آئی جی اور ڈی پی او خرم رشید کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ جرگے فیصلے قانون کے مطابق نہیں بلکہ نسلی، لسانی، قومی، تعصبات، پسند ناپسند کی بنیادوں پر دیتے جاتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے آواز فورم کے صدر سے کہا کہ اس حوالہ سے سفارشات صوبائی حکومت کو ارسال کی جائیں، صوبائی حکومت سارے معاملات کا جائزہ لیکر قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی اور صوبہ میں غیر قانونی اور خود ساختہ جرگہ سسٹم پر پابندی لگائے گی۔