ایبٹ آباد،متحدہ لیبر کسان ڈویلپمنٹ کونسل کیچیئرمین کا ایک ہفتہ کے اندرکسان کونسلرز کا گرینڈ جرگہ طلب

پیر 9 مئی 2016 13:09

ایبٹ آباد۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 مئی۔2016ء) ایبٹ آباد کے کسان کونسلرز نے اپنے حقوق کیلئے متحدہ لیبر کسان ڈویلپمنٹ کونسل کے نام سے تنظیم قائم کر لی ۔کونسل کے چیئرمین قاری راشد محمود ہوں گے۔ ضلع کی تمام ویلج کونسلوں کے کسان کونسلرز سے رابطہ کیلئے 5 رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، ایک ہفتہ کے اندر گرینڈ جرگہ کے دوران مستقبل کے حوالہ سے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

اس حوالہ سے متحدہ لیبر کسان ڈویلپمنٹ کونسل کا پہلا باضابطہ اجلاس سمال انڈسٹریل اسٹیٹ منڈیاں میں منعقد ہوا جس میں ویلج کونسل کاکول، بالڈھیری، جھنگی، پاوا، بانڈہ پیر خان، شیخ البانڈی اور پسوال کے کسان کونسلرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد ضلعی لیبر کسان کونسلر قاری راشد محمود کو کونسل کا چیئرمین مقرر کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کسان کونسلرز سے رابطوں کیلئے کسان کونسلرز یاسر خان جدون، چوہدری نذیر احمد گجر، نعیم گل اعوان، صیاد خان اور منیر خان پر مشتمل5 رکنی رابطہ کمیٹی قائم کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کسان کونسلر نے کہا کہ کونسلر کے فنڈ سے 75 فیصد کٹوتی ظالمانہ اقدام ہے، صوبائی حکومت زراعت سے وابستہ چھوٹے کسانوں کو بلاسود قرضے فراہم کرے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قاری راشد محمود نے کہا کہ صوبائی حکومت کی سکیمیں اٹک پار کے اضلاع تک محدود ہیں، یہ سکیمیں ضلع ایبٹ آباد میں بھی شروع کی جائیں، ایبٹ آباد میں انڈسٹریز کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ بیروزگاری کا خاتمہ ہو سکے، کسان کونسلر کو پرچیز کمیٹیوں میں شامل کیا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر پورے ضلع کی ویلج کونسلوں کے کسان کونسلرز کا گرینڈ جرگہ طلب کیا جائے گا، گرینڈ جرگہ میں مستقبل کے حوالہ سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :