حیدرآباد میں مال گاڑیوں کے تصادم میں زخمی ڈرائیور اورفائر مین ہسپتال منتقل

پیر 9 مئی 2016 13:07

حیدرآباد ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) حیدرآباد میں مال گاڑیوں کے تصادم میں زخمی ڈرائیور اورفائر مین کو نکال کر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،ٹانگیں ضائع ہو نے کا خدشہ ، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں مال گاڑیوں کے درمیان ہو نے والے تصادم میں زخمی ہو نے والے ڈرائیور اور فائر مین کو 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد نکال لیا گیا ہے۔

ایدھی رضا کاروں نے آئل ٹینکرز ٹرین کے ڈرائیور 50سالہ جمیل اختر اور فائر مین مشتاق علی کو سول ہسپتال پہنچایا جہاں ان کی ٹانگوں کا آپریشن کیا گیا ہے سول اسپتال آرتھوپیڈک کے ڈاکٹر علی احمد نے اے پی پی کو بتایا کہ دونوں افراد کی ٹانگیں بہت متاثر ہو ئی ہیں کئی جگہ سے ہڈی ٹوٹ گئی ہے انشاء اللہ کوشش کرکے دونوں افراد کی ٹانگوں کو ضائع ہو نے سے بچالیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دونوں کی ٹانگوں میں راڈ ڈالی جارہی ہے مذکورہ واقعہ کا مکی شاہ تھانہ میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے زخمی ڈرائیو اور فائر مین علاقے کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے بروقت پہنچ کر ان کی مدد کی اور انہیں مشکل سے نکالاہے ریلوے حکام نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جبکہ اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک کھول دیئے گئے ہیں تصادم سے KCL10آئل ٹرین کا انجن اور داؤد کول گاڑی کے2 پچھلے ڈبے بری طرح متاثر ہو ئے ہیں جنہیں ٹریک سے ہٹادیا گیا ہے-