حیدرآباد میں 2مال گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں،ڈرائیور اور فائرمین شدید زخمی

پیر 9 مئی 2016 13:07

حیدرآباد ۔ 9 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مئی۔2016ء) حیدرآباد میں 2مال گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے ڈرائیور اور فائرمین شدید زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لطیف آباد آٹو بان روڈ کے قریب پٹھان گوٹھ اور خاصخیلی محلہ کے درمیان سے گزرنے والی مین ریلوے لائن پر کراچی سے پنجاب جانے والی مال گاڑی داؤد کول انجن نمبر7172کو کراچی سے ہی آنیوالی مال گاڑی انجن نمبر4714/KCL10نے ٹکر مار دی پہلی مال گاڑی سگنل کھلنے کے انتظار میں کھڑی تھی جبکہ دوسری مال گاڑی کے ڈرائیور نے آٹو سگنل کو نہیں دیکھا اور پیچھے سے اسے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں روہڑی ریلوے ہیڈ کواٹر سے تعلق رکھنے والا ڈرائیور جمیل اختر اور فائرمین انجن میں پھنس گئے حادثہ صبح 4بج کر 30منٹ پر پیش آیا دھماکہ کے آواز سن کر قریب کی بستی پٹھان گوٹھ سے لوگ نکل آئے انہوں نے ایک گھنٹہ تک ریلوے حکام کا انتظار کیا بعد ازاں قریب میں واقع سیلنڈر اور وینڈرز کی دکانیں کھلواکر گیس سیلنڈر سے انجن کا کچھ حصہ کاٹا لیکن مذکورہ دونوں افراد کی ٹانگیں بری طرح پھنسی ہو ئی تھیں ریلوے کا عملہ 7بجے پہنچا لیکن انہیں بھی سمجھ نہیں آرہی تھی کہ کس طرح پھنسے ہو ئے افراد کو نکالا جائے حیدرآباد ریلوے کے سپرنٹنڈنٹ شمس الد ین سولنگی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہو ئے کہاکہ ہم کوشش کررہے ہیں لیکن دونوں افراد کی ٹانگیں ضائع ہو نے کا خدشہ ہے تصادم کی وجہ سے کراچی سے پنجاب جانے والا ٹریک اس دوران بند رہا جبکہ کراچی جانے والے ٹریک پر ٹرینوں کی روانگی جاری رہی پٹھان گوٹھ کے افراد نے انجن میں پھنسے ہو ئے افراد کو جوس ، چائے اور پانی وغیرہ فراہم کیا ۔