پاک امریکہ تعلقات بہترین ، ایف 16 طیاروں کی فراہمی کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا:اعزاز احمد چوہدری

پاکستان افغانستان میں کسی قسم کے تشدد کی حمایت نہیں کرتا ، سیکرٹری خارجہ کی گفتگو

پیر 9 مئی 2016 11:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 مئی۔2016ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہم نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں،امید ہے کہ ایف 16 طیاروں کی فراہمی کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ پاکستان نے بہت جوش اور بردباری سے جیتی ہے،ایف 16 طیارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم ثابت ہوں گے، امید ہے کہ ایف 16 طیاروں کی فراہمی کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ کانگرس میں اگر پاکستان کے مخالف آواز اٹھتی ہے تو پاکستان کے حق میں بھی وہاں آواز ضرور اٹھائی جاتی ہے، امریکہ پاکستان کے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہی ہے لیکن عمومی طور پر پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات اچھے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

افغانستان کے امن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں کسی قسم کے تشدد کی حمایت نہیں کرتا ہم نے افغانستان میں امن کیلئے دیانتداری سے مخلصانہ کوششیں کیں اور ہم افغان امن عمل کے حق میں ہیں، افغانستان کا امن نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے اہم ہے۔ آپریشن ضرب عضب کے بارے میں سوال کے جواب میں اعزاز چوہدری نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے اہم کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے، یہ آپریشن اب اہم مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور ایسے میں دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی پوری دنیا کیلئے مفید ہے جس سے پوری دنیا مزید محفوظ ہوجائے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں لہذابھارت کی بدگمانیوں سے پاک امریکہ تعلقات خراب نہیں ہوں گے۔