قومی ٹیم کا فٹنس کیمپ،شاہد آفریدی اور محمد حفیظ نے انجری کے باعث شرکت سے معذرت کرلی

گھٹنے میں تکلیف کے باعث فٹنس ٹیسٹ دینے کے قابل نہیں ، کوئی رسک نہیں لے سکتا ،شاہد آفریدی گھنٹے کے پٹھوں میں انجری ہے جس سے سو فیصد ریکوری نہیں ہوئی ،اسلئے فٹنس کیمپ میں شرکت نہیں کر سکوں گا،محمدحفیظ

اتوار 8 مئی 2016 17:52

قومی ٹیم کا فٹنس کیمپ،شاہد آفریدی اور محمد حفیظ نے انجری کے باعث شرکت ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 مئی۔2016ء) سابق ٹی ٹوینٹی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ گھٹنے میں تکلیف کے باعث کوئی رسک نہیں لے سکتا اپنی عدم دستیابی سے متعلق پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے،جبکہ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بھی کیمپ میں شرکت سے معذرت کی ہے۔لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ شروع ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کی تیاری کیلئے 13 مئی سے شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں شاہد آفریدی ، احمد شہزاد اور عمر اکمل کو شامل نہیں کیا تھا لیکن گزشتہ روز پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ میں تینوں کھلاڑیوں کو طلب کرلیا تھا۔ تاہم شاہد آفریدی نے فٹنس ٹیسٹ میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔سابق ٹی ٹوینٹی کپتان شاہدآفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں نے پی سی بی کو اپنی عدم دستیابی سے متعلق آگاہ کردیا ہے، گھٹنے میں تکلیف کے باعث میں فٹنس ٹیسٹ دینے کے قابل نہیں اس لئے کوئی رسک نہیں لے سکتا۔

(جاری ہے)

فی الحال ہیمشائر کانٹی کی جانب سے ٹی ٹوینٹی میچز کیلئے فٹنس کی بحالی میں کوشاں ہوں اور کانٹی کرکٹ میں فٹنس کی بحالی کے بعد جیسے ہی ٹیسٹ دینے کے قابل ہوا توآفیشل ٹیسٹ کے لئے بورڈ کے سامنے پیش ہوجاں گا۔دوسری جانب سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی انجری کے سبب کیمپ میں شریک ہونے سے معذرت کر لی ہے جبکہ مصباح الحق عمرے کی ادائیگی کے سبب کیمپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ گھنٹے کے پٹھوں میں انجری ہے اور یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کب تک فٹنس حاصل کر پاں گا،گھٹنے کی انجری کو چھ ہفتے گزر چکے ہیں، بحالی کا عمل جاری ہے لیکن ابھی تک سو فیصد ریکوری نہیں ہوئی لہذا فٹنس کیمپ میں شرکت نہیں کر سکوں گا،حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ ایبٹ آباد میں ہونے والے بوٹ کیمپ میں جائیں گے اور کوشش کریں گے کہ دورہ انگلینڈ سے قبل مکمل فٹنس حاصل کر سکیں۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے لئے فٹنس برقرار رکھنا لازمی ہے۔ تیرہ مئی تک جاری فٹنس ٹیسٹ ڈیٹا کا گذشتہ ریکارڈ سے موازنہ کیا جائے گا۔ جن کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار گرا ہوگا ان پر جرمانے عائد کئے جائیں گے اور فٹنس بہتر بنانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی،12 مئی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس کیمپ کے اختتام کے بعد 13 مئی سے فوج کی زیر نگرانی ایبٹ آباد میں طویل بوٹ کیمپ کا آغاز ہو گا۔

متعلقہ عنوان :