فیصل آباد، بڑھتی ہوئی مہنگائی ، آئندہ بجٹ میں مزدورکی تنخواہ میں سو فیصد اضافہ اور کم از کم تنخواہ 25ہزار روپے مقرر کی جائے،ریلوے پریم یونین کا مطالبہ

اتوار 8 مئی 2016 17:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 مئی۔2016ء) ریلوے پریم یونین نے مطالبہ کیا ہے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر آئندہ بجٹ میں مزدورکی تنخواہ میں سو فیصد اضافہ اور کم از کم تنخواہ 25ہزار روپے مقرر کی جائے۔مہنگائی کی موجودہ لہر نے غریب آدمی کے لیئے جینا مشکل کر دیا ہے۔حکمران اپنی عیاشیوں کے اخراجات عوام پر ڈالنے کی بجائے اپنے شاہانہ اخراجات ختم کریں۔

ان خیالات کا اظہار ریلوے پریم یونین کے ڈویژنل صدر خالد محمود چوہدری نے ریلوے اسٹیشن پر ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خالد محمود چوہدری نے کہاکہ حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات ، اقرباپروری ، قومی دولت کی لوٹ کھسوٹ سے جہاں ملکی معیشت کا بیڑہ غرق اور ترقی کا پہیہ جام ہواہے وہاں دوسری طرف مہنگائی ، بے روزگاری سے عوام کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت نے غریب مزدوروں سے سے عزت سے جینے کا حق چھین لیاہے ۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی کے سوا کچھ نہیں دے سکی ۔ امریکی اشاروں پر ناچنے والے ملک کو خوشحالی کے راستے پر گامزن نہیں کر سکتے ۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں مزدوروں کے لیئے مراعات میں اضافہ کر کے مزدور دوستی کا ثبوت دے گی اور اگر حکمرانوں نے آئندہ بجٹ میں مزدور دشمنی کا ثبوت دیا تو حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کنٹریکٹ افسران کو فوری فارغ کیا جائے اور تمام عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے،پے اینڈ پنشن کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے،تمام ایڈہاک ریلیف ختم کرکے انہیں بنیادی تنخواہوں کا حصہ بنایا جائے ،ہاؤس رینٹ میں مہنگائی کے حساب سے اضافہ کیا جائے۔انہوں نے متنبہ کیاکہ اگر ریل ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیئے گئے تو ریل کا پہیہ بھی نہ چل سکے گا۔