سازگار ماحول نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی تاجر دوسرے ملکوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے ‘سعدیہ سہیل رانا

اتوار 8 مئی 2016 16:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 مئی۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے دعوؤں کے برعکس پاکستان کے عوام باعزت روزگار کے فقدان اور بچوں کی اچھی تعلیم اور صحت کی سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے بیرون ملک بھاگ رہے ہیں اسی طرح سازگار ماحول نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی تاجر دوسرے ملکوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جس سے حکمرانوں کا سرمایہ کاری کے اضافہ کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے آفس میں خواتین کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مرضی کے ٹی او آر بناکر پاناما پیپرز سے نجات حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن پاناما پیپرز کا معاملہ مسلم لیگ ن کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کرنے والوں کو جیل جانا ہوگا ،کرپٹ عناصر کا یوم حساب قریب آگیا ہے جب تک وزیرا عظم مستعفی نہیں ہوتے عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے عوام کرپٹ حکمرانوں کا ہر صورت میں احتساب چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی وسائل کو دونو ں ہاتھوں سے لوٹنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔