سابقہ کرکٹر عبد القادر کے صاحبزادے عثمان قادر نے بیرون ملک قسمت آزمائی کا فیصلہ کر لیا

عثمان قادر نے گزشتہ موسم گرما میں کیپ ٹاؤن میں کلب کرکٹ کھیلی، اس سے پہلے وہ آسٹریلیا میں کھیل چکے ہیں

اتوار 8 مئی 2016 13:22

سابقہ کرکٹر عبد القادر کے صاحبزادے عثمان قادر نے بیرون ملک قسمت آزمائی ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 مئی۔2016ء) سابقہ کرکٹر عبد القادر کے صاحبزادے عثمان قادر نے بیرون ملک قسمت آزمائی کا فیصلہ کر لیا ،لیگ سپنرعثمان قادر نے اپنے ملک میں مواقع نہ ملنے پر اپنے والد سے بیرون ملک کرکٹ کھیلنے کی اجازت لے لی ۔کرکٹ کی ایک ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عثمان قادر نے گزشتہ موسم گرما میں کیپ ٹاؤن میں کلب کرکٹ کھیلی، اس سے پہلے وہ آسٹریلیا میں کھیل چکے ہیں ۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے دو انڈر 19 ورلڈ کپ بھی کھیلے۔ 2010 میں انہیں سینٹرل کنٹریکٹ بھی دیاگیا تھا، عمدہ کارکردگی کی وجہ سے اس بات کا امکان تھا کہ انہیں 2013 میں دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا مگر ایسا نہیں ہوا۔ڈومیسٹک سطح پر بھی مواقع نہ ملنے کی وجہ عثمان قادر اب ملک سے باہر اپنی زندگی کو دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ میں کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں اور باقاعدہ اپنی محنت سے سامنے آیا ہوں مگر یہاں پر ہمیشہ میری ٹیم میں شمولیت پر شکوک و شبہات ظاہر کئے گئے، جب بھی میں منتخب ہوا لوگوں نے سمجھا کہ مجھے میرے والد کی وجہ سے منتخب کیا گیا ہے، میں اب ایسی جگہ جانا چاہتا ہوں جہاں پر میں صرف اپنی کرکٹ پر توجہ دے سکوں اور جہاں کوئی مجھ پر غیرضروری تنقید کرنے والا نہ ہو۔

عبدالقادر کہتے ہیں کہ میں اپنے بیٹوں کیلئے سلیکٹرز کے پاس نہیں جاسکتا، میرے بڑے بچے بھی کم باصلاحیت نہیں تھے لیکن انہیں مواقع نہیں ملے مگر عثمان کو میں نے اجازت دے دی ہے کہ جہاں سے بھی اس کو اپنے خواب پورے کرنے کا موقع ملتا ہے وہ انہیں حاصل کرسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :