پانامہ لیکس سے زیادہ حساس مسئلہ دہشت گردی دی کے نئے پیش آنے والے خطرات ہیں،غلام بلور

ہفتہ 7 مئی 2016 19:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مئی۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی یو سی 12 شاہین مسلم ٹاؤن ٹو میں ایک شمولیتی جلسہ منعقد ہوا جس میں اے این پی کے مرکزی رہنما حاجی غلام بلور‘ سٹی صدر ملک غلام مصطفی‘ جنرل سیکرٹری سرتاج خان اور یو سی 12 کے صدر امیر جان نے شرکت کی‘ جلسہ میں یو سی 12 شاہین مسلم ٹاؤن ٹو کے صدر امیر جان کی خصوصی کاوشوں سے یو سی 12 میں پی ٹی آئی کے جنرل کونسلرز راشد خان اور ریاض خان نے دیگر ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا‘ اس موقع پر شرکاء نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس سے زیادہ حساس مسئلہ ملک اور پورے خطے میں دہشگر دی کے نئے پیش آنے والے خطرات ہیں،جن سے اگربروقت نہیں نمٹا گیا تو بہت بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا‘ نام نہاد تبدیلی کے جھوٹے دعوؤں سے عوام بے زارہوچکے ہیں اوران کی نظریں اے این پی پر لگی ہوئی ہیں ‘ صوبائی حکومت بدترین مالی و انتظامی بحران کا شکار ہے اور بوکھلاہٹ کے اس عالم میں حکومت نے عوامی مسائل کو پس پشت ڈال دیا ہے‘ پی ٹی آئی نے دوغلی پالیسی اپنائی ہوئی ہے اور ملک میں منافقت کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے جس کا واضح ثبوت پانامہ لیکس کے لیے جوڈیشل انکوائری اور وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ ہے مگرخیبرلیکس کی تحقیقات کے لیے اپنی ہی بنائی ہوئی کیبنٹ کمیشن پر اکتفا کیا‘ اے این پی اپنے دور حکومت میں اپنے وسائل پر اختیار کو ممکن بنایا ، صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ، روزگار کے مواقع پیدا کیے اور بدامنی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا‘ صوبے میں خوشحالی اور ترقی کے بے مثال دور کا آغاز اے این پی کی مرہون منت ہے‘ خیبر پختونخوا کے عوام تبدیلی کے وعدوں اور دعوؤں کی حقیقت جان چکے ہیں اور صوبے کے نوجوان اور عوام تبدیلی کے دعویداروں کو بنی گالہ تک محدود کر کے دم لیں گے‘ تبدیلی والوں کے دور میں ترقی کا پہیہ رک گیاہے اورتین سال گزرنے کے باوجود کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیاگیا بلکہ ہمارے ترقیاتی منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :