تمام محکمے لاروا اور ڈینگی کنٹرول کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ‘ راجہ اشفاق سرور

ڈینگی ہاٹ سپاٹس پر کڑی نظر رکھی جائے ،ڈینگی کیس رسپانس میں کوئی تاخیر نہ کی جا ئے‘ صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل

ہفتہ 7 مئی 2016 19:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مئی۔2016ء) وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ تمام محکمے لاروا اور ڈینگی کنٹرول کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ، انہوں نے انسداد ڈینگی اقدمات پر کاروائی مطلوبہ معیار کے مطابق نہ ہونے پر محکمہ خوراک ، محکمہ اوقاف اور محکمہ زراعت کو مقررہ ایس او پیز کے مطابق کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت شدید نقصان کا باعث بن سکتی ہے اور موسم گرما کے دوران ڈینگی وبائی شکل اختیار کر سکتا ہے ، اس لئے تمام سرکاری محکمے اور ادارے اپنے فرائض میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

یہ ہدایات انہو ں نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود کے ہمراہ انسداد ڈینگی کے پندرہ روزہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل ، رکن قومی اسمبلی اسفن یار بھنڈارا،پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سرفراز افضل ، اراکین پنجاب اسمبلی راجہ محمد حنیف ، زیب النساء اعوان ، لبنی ریحان۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حاجی پرویز خان ، سردار ممتاز ، شوکت جنجوعہ ،ضیا ء اﷲ شاہ،حافظ عثمان ، راحت مسعود قدوسی ، مرزا منصور بیگ ،راجہ عتیق سرور اور سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد صابر نے محکمہ صحت اور دیگر ادارو ں کی طرف سے راولپنڈی میں ڈینگی لاروا سرویلنس کے بارے میں اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس پر کڑی نظر رکھی جائے اور ڈینگی کیس رسپانس میں کوئی تاخیر نہ کی جا ئے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ضرورت ہو وہاں منتخب عوامی نمائندوں کا تعاون حاصل کر کے ڈینگی کے بارے میں عوامی سطح پر شعوری بیداری کی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیئے تھرڈ پارٹی کے طور پر متعلقہ محکمے اپنی کاروائی موثر انداز میں جاری رکھیں تاکہ خامیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی ہو سکے۔ کمشنر راولپنڈی عظمت محمود نے کہا کہ ان ڈور سرویلنس کے علاوہ آوٹ ڈور سرویلنس کے بارے میں مکمل اعداد و شمار مرتب کیے جائیں اور قبرستانوں ، کباڑ خانوں ، پارکس ، زیر تعمیر عمارات ، تہہ خانوں ،خالی پلاٹس اور اسی نوعیت کے دیگر مقامات پر لاروا کی موجودگی پر ضروری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ اجلاس کے دوران ای ڈی اور انوائرنمنٹ نے چاہ سلطان کے علاقے میں ڈینگی لاروا کی روک تھام کے لیئے کی گئی کاروائی کے بارے میں بتایا جن کی کارکردگی کو سراہا گی ۔

متعلقہ عنوان :