ڈی ایچ اے فراڈ کیس،ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع

ہفتہ 7 مئی 2016 19:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مئی۔2016ء) لاہور کی احتساب عدالت نے اربوں روپے کی اراضی اسکینڈل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم حماد ارشد اور شریک ملزم بریگیڈئیر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ کومزید 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔لاہور کی احتساب عدالت کے جج خاقان بابرنے ڈی ایچ اے فراڈ کیس کی سماعت کی۔ ذرائع کے مطابق نیب کے تفتیشی افسر نے ملزم کو سخت سکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ڈی ایچ اے سکینڈل کاشریک ملزم بریگیڈئیر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ نے مرکزی ملزم حماد ارشد سے مل کر چھبیس ہزار کے لگ بھگ شہریوں سے اراضی کے نام پر سترہ ارب روپے سے زائد کی رقم بٹوری ہے جبکہ شہدا کے لئے مختص پلاٹ بھی فروخت کر دئیے ہیں۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ نیب کی جانب سے مرکزی ملزم حماد ارشداورشریک ملزم خالد نذیر بٹ کے خلاف نیب ریفرنس تیار کیا جا رہا ہے، ریفرنس بھجوانے کے لئے مزید مہلت دی جائے۔ عدالت نے نیب کو ملزمان کے خلاف ریفرنس بھجوانے کی مہلت دیتے ہوئے دونوں ملزمان کو مزید چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔