افواج پاکستان ، سیکورٹی فورسز ،قبائلی عوام کی قربانیوں ،کوششوں کی بدولت خطے میں امن لوٹ آیاہے،قبال ظفرجھگڑا

ہفتہ 7 مئی 2016 16:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مئی۔2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ افواج پاکستان ، سیکورٹی فورسز اور قبائلی عوام کی قربانیوں اور کوششوں کی بدولت خطے میں امن لوٹ آیاہے، ہم امن واستحکام اور خوشحالی کی جانب گامزن ہیں اور اب یہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پائیدار امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ قبائلی نوجوان تعلیم کا میدان ہو، یا کھیل کامیدان ، ہرشعبے میں اپنی صلاحیتوں کالوہامنوایاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوان صلاحیتوں کے اعتبارسے کسی سے کم نہیں اور ضرورت اس امرکی ہے کہ انہیں مزیدمواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے نوجوانوں کی تعلیم اور تربیت کے ساتھ ساتھ تفریح اور مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیاں بھی اشد ضروری ہے اوراس ضمن میں فاٹامیں نہ صرف مثبت سرگرمیوں کوفروغ دیاجارہاہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ تعمیروترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز خیبرایجنسی کے علاقے تیراہ میدان کے دورہ کے موقع پروادی تیراہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونیوالے تیراہ سپورٹس فیسٹیول کی اختتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں آئی جی ایف سی میجرجنرل مظہرشاہین محمودسمیت ملکان، مشران،بڑی تعداد میں علاقے کے عوام اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ تیراہ سپورٹس فیسٹیول میں رسہ کشی، خٹک ڈانس، بینڈڈسپلے، گھڑسواری کے مقابلے ، بیٹینی ڈانس، محسود ڈانس، کبڈی کے مقابلے، چترالی ڈانس کے علاوہ دیگر مقابلے منعقد کئے گئے جبکہ والی بال کافائنل میچ بھی کھیلاگیا۔

گورنرنے جیتنے والی ٹیموں میں انعامات اورٹرافیاں تقسیم کی اورانہیں مبارکباد دی۔گورنر نے کھلاڑیوں کی کارکردگی اورحوصلے کوبھی سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنراقبال ظفرجھگڑا نے کہاکہ ہمیں بحیثیت قوم چیلنجوں کا سامنارہا اوراب ہم ایک نئی زندگی کا آغاز کرچکے ہیں۔پورے ملک بالخصوص فاٹا میں بھی حالات معمول پر آچکے ہیں اور پاک فوج اور قبائلی عوام کی قربانیوں سے اس خطے میں امن لوٹ آیاہے۔

انہوں نے کہاکہ فاٹا میں امن واستحکام کے ساتھ ساتھ ٹی ڈی پیز کی واپسی وبحالی سمیت تعلیم وصحت کے شعبوں کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کی بے مثال کامیابی کے نتیجہ میں فاٹاسے دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کا صفایا کردیا گیاہے، ہم امن واستحکام اور خوشحالی کی جانب گامزن ہیں اورتیراہ سپورٹس فیسٹیول کاانعقاد اس کاواضح ثبوت ہے۔

گورنر نے تیراہ سپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر فاٹاسپورٹس کلچر اینڈ یوتھ آفئیرز ڈائریکٹریٹ ، ایجنسی سپورٹس آفس اور فیسٹیول کی سیکورٹی اور دیگرانتظامات میں معاونت کرنے پر پاک افواج اور متعلقہ اداروں کے منتظمین کو مبارک باددی اوراس فیسٹیول کو ہرسال جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ گورنرنے تیراہ میدان سپورٹس سٹیڈیم کے تعمیرکااعلان بھی کیا اور خیبرایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ کو سٹیڈیم پرجلدازجلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔

گورنرنے دورہ تیراہ میدان کے موقع پر 401 ملین کے مجموعی طور پر تین منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔انہوں نے 231 ملین روپے کی لاگت سے باغ میدان تیراہ میں ڈی ٹائپ ہسپتال اور100 ملین روپے کی لاگت سے تعمیرکئے جانیوالا تحصیل ہیڈکوارٹر تیراہ میدان کی عمارت کاسنگ بنیاد رکھا اور71.198 ملین روپے کی لاگت سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ورسک تیراہ میدان کا افتتاح کیا۔

اس موقع پرگورنرنے کہاکہ فاٹا میں نہ صرف مثبت سرگرمیوں کوفروغ دیاجارہاہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ تعمیروترقی پربھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 3.5 ارب روپے کی لاگت سے تیراہ، خیبرایجنسی میں تعمیروترقی کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبائل نے ملکی تعمیروترقی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں تیراہ میدان کے لئے مزید منصوبے شامل کئے جائیں۔ قبل ازیں تیراہ میدان پہنچنے پرگورنرکاپرتپاک استقبال کیاگیااور روایتی پگھڑی پہنائی گئی۔ اس موقع پر گورنرنے پرچم کشائی بھی کی جبکہ بچوں نے قومی ترانہ پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :