امریکی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں لندن کے میئر منتخب ہونے والے پاکستانی نثراد صادق خان کے تاریخی الیکشن کی وسیع پیمانے پر کوریج

ہفتہ 7 مئی 2016 13:53

نیویارک ۔ 7 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مئی۔2016ء) امریکی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نے لندن کے میئر منتخب ہونے والے صادق خان کے تاریخی الیکشن کو وسیع پیمانے پر کوریج دی اورامریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے صادق خان کو مغرب کے مسلمان سیاستدانوں میں سے نمایاں ترین سیاستدان قراردیا ہے۔ امریکی اخبار نے لندن سے موصولہ رپورٹ کو صفحہ اول پر کوریج دیتے ہوئے لکھا ہے کہ صادق خان کی یہ تاریخی کامیابی ایسے وقت میں ہوئی ہے جبکہ یورپ اسلام فوبیا پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے ۔

نیویارک ٹائمزنے بتایا کہ صادق خان کے حریف امیدوار ذیک گولڈ سمتھ نے انتخابی مہم کے دوران صادق خان پر شدت پسندوں کی مدد کرنے اور ان کیلئے نرم گوشہ رکھنے کا الزام لگایا تھا تاہم صادق خان نے اس کا دلائل پرمشتمل جواب دیا اور کہا کہ پکا مسلمان ہونے کے ناطے شدت پسندی پر قابو پانا میری ذمہ داری ہے ، میں لندن کا باسی اور یورپین برطانوی ہوں، میں ایشیائی نژاد پاکستانی مسلمان ہوں اور ایک باپ اورخاوند بھی ہوں۔

(جاری ہے)

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق مخالفین کی طرف سے صادق خان کو شدت پسندوں کے ساتھی کے طور پر پیش کرنے کا الٹ نتیجہ برآمد ہوا اورلندن کے کئی شہریوں کا کہنا ہے کہ صادق خان پر مخالفین نے ذاتی حملے کئے جس کی وجہ سے انہوں نے صادق خان کی حمایت کی۔ واشنگٹن پوسٹ نے کہا کہا صادق خان کی کامیابی کے اثرات لندن کے علاوہ بھی مغرب میں اسلام مخالف چیلنج پر قابو پانے میں معاون ثابت ہونگے اور یہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ایک اور مضبوط نمائندہ آواز ہوگی۔ دریں اثناء نیویارک شہر کے میئر ڈی یلپسیو نے صادق خان کو ٹوئٹر پر مبارکباد دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :