ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف گیس کے غیر قانونی ٹھیکے دینے سے متعلق کیس کی سماعت 13مئی تک ملتوی

ہفتہ 7 مئی 2016 13:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مئی۔2016ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف گیس کے غیر قانونی ٹھیکے دینے سے متعلق کیس کی سماعت 13مئی تک ملتوی کردی۔ ہفتہ کو جے جے وی ایل کیس کی سماعت کے دوران حکام کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عاصم‘ یوسف انصاری‘ بشارت مرزا اور دیگر ملزمان پر سترہ ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

جے جے وی ایل کو پانچ کنویں کھودنے کا غیر قانونی ٹھیکہ دیا گیا۔ کیس سے متعلق ہم نے تمام دستاویزات فراہم کی ہیں ہم ایسے کاغذات نہیں دے سکتے کہ جس پر لکھا ہو ملزم بے گناہ ہے۔ ملزمان کے وکلاء نے عدالت سے استدعا کی کہ فرد جرم عائد نہ کی جائے۔ وکلاء کا موقف تھا کہ آج کونسلر فراہم کرے گی پھر فرد جرم عائد ہوگی۔ پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو دیکھا جائے یہ کیس بدنیتی اور جھوٹ پر مبنی ہے اس پر پراسیکیوٹر نیب کا کہنا تھا کہ اگر وکلاء کو اعتراض ہے تو وہ ہائیکورٹ سے رجوع کرے ۔ عدالت نے دونوں طرف کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت تیرہ مئی تک ملتوی کردی۔