بنگلہ دیش حکومت سہ ممالک معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہو ئے رہنماؤں کو پھانسی دے رہی ہے، حکومت ِ پاکستان باضابطہ احتجاج کرے ،لیاقت بلوچ

جمعہ 6 مئی 2016 22:38

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش حکومت سہ ممالک معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہو ئے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پھانسی دے رہی ہے حکومت ِ پاکستان اس پر باضابطہ احتجاج کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں جماعت اسلامی کے تحت پریس کلب پردھرنے کے شرکاء سے خطاب اورمیڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش مطیع الرحمن نظامی کو پھانسی کی پھندے کی طرف لے جایاجارہا ہے میں سلام پیش کرتے ہو ئے اس قیادت کو جنہوں نے بھارت کے تسلط کے خلاف اور سالمیتِ پاکستان کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے پروفیسر غلام اعظم ، علی احسن مجاہد ، ملا عبدالقادر اور دیگر رہنماؤں نے موت کو قبول کیا لیکن بنگلہ دیش کی حکومت سے کسی قسم کی معافی نہیں مانگی تاہم سزا پر نظر ثانی کی درخواست دینا ان کا قانونی و آئینی حق ہے لیکن افسوس کے بنگلہ دیش کی کٹھ پتلی عدالت نے مطیع الرحمن کی سزا کو برقرار رکھا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سہ ممالک معاہدہ موجود ہے جس کی خلاف ورزی پر پاکستان کو باضابطہ احتجاج کرنا چاہیئے بنگلہ دیش بھارت کی ایما ء پر اس معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے وزیر اعظم محمد نواز شریف بھارت اور مودی دوستی میں بھارت کے خلاف کوئی بات نہیں کرنا چاہتے تاہم انہیں معلوم ہوا چاہیئے کہ جماعت اسلامی کے شہید رہنما تو اپنی منزل پالیں گے لیکن بنگلہ دیش حکومت بھارت کی پشت پناہی سے ایک قدم اور آگے بڑھ کر پاکستان کے سابق فوجیوں کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ تیار کررہی ہے جبکہ وہ پاکستان سے اپنے اثاثے طلب کرنے کا بھی کیس تیار کرچکی ہے ایسے میں حکومت ِ پاکستان کی مجرمانہ خاموشی ملک کے لیے نقصان دہ ہو گی وزیر اعظم نواز شریف بنگلہ دیش میں محب وطن پاکستانیوں کی پھانسی رکوانے میں کردار ادا کریں ۔