مہاجر قوم اس وقت بے انتہا مصائب کی شکار ہے،چاروں طرف سے غداری کے لیبل لگائے جارہے ہیں ،محمد عرفان

جمعہ 6 مئی 2016 22:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 مئی۔2016ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین محمد عرفان نے کہا ہے کہ مہاجر قوم اس وقت بے انتہا مصائب کی شکار ہے،چاروں طرف سے غداری کے لیبل لگائے جارہے ہیں ،مہاجروں کے بچوں کوتعلیمی اداروں میں نقل مافیا نے جکڑا ہوا ہے ،روزگار کے دروازے بند اور محنت مزدوری سے دو وقت کی روٹی کمانا دشوار بنا دیا گیا ہے اس صورتحال سے نکلنے کیلئے مہاجر قومی موومنٹ انکا ساتھ دے رہی ہے لیکن انہیں بھی اپنا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے ’’ایک شخص ‘‘ کی خواہشات پر خود کو قربان ہونے سے بچانا ہوگا ۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر جھنڈا چوک لیاقت آباد سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تصادم اور محاذ آرائی نے قوم کو تباہ کیا اور یہ بات کہنے میں کوئی عار نہیں کہ ماضی میں ہم سے بھی بہت سی غلطیاں ہوئیں جس کا ازالہ کرنے کیلئے ہم کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں اور چیئرمین آفاق احمد اپنی’’ انا‘‘ کو قربان کرکے مفاہمت کا ہاتھ بڑھا چکے ہیں ،اب گیند رابطہ کمیٹی کے کورٹ میں ہے کہ وہ اس پیشکش سے کب فائدہ اٹھاتی ہے ،ہمیں اگر ایک سال بعد بھی مثبت جواب دیا گیا تب بھی ہمیں تیار پائیں گے ۔

(جاری ہے)

محمد عرفان نے کہا کہ اگر ماضی پر مٹی نہ ڈالی گئی تو مستقبل یونہی تباہ رہے گا ، بہتر یہی ہے کہ آگے دیکھا جائے اور قوم کے سفر کو آسان بنایا جائے تاکہ جس منزل کی تلاش ہے وہ جلد از جلد مل سکے اور ناکردہ گناہوں کے داغ مہاجر قوم کے چہرے سے صاف کیا جاسکے جس کی ذمہ داری مہا جر نام پر سیاست کرنے والے تمام ہی لوگوں پر عائد ہوتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ہاتھ آگے بڑھادیا ہے اب دوسروں کی باری ہے ،اس بار بھی دانشمندی کی بجائے ہٹ دھرمی اختیار کی گئی تو پھر فیصلہ قوم کرے گی

متعلقہ عنوان :