مالدیپ کے وفد کا ایچ ای سی سیکرٹریٹ کا دورہ

جمعہ 6 مئی 2016 21:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 مئی۔2016ء)جمہوریہ مالدیپ کے وفد نے جمعہ کے دن عظلین احمد کی سربراہی میں ایچ ای سی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا او ر چیئر مین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد،ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹرارشد علی اور اعلیٰ انتظامیہ کے دیگر ممبران سے ملاقات کی۔جمہوریہ مالدیپ کا وفدڈاکٹر محمد لطیف چانسلر مالدیپ نیشنل یونیورسٹی،ڈاکٹر علی فواز شریف وائس چانسلر مالدیپ نیشنل یونیورسٹی اور محترمہ فاطمہ عامرہ ڈائریکٹرآف ہائیر ایجوکیشن پر مشتمل تھا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے وفد کا استقبال کیا اور گزشتہ تیرہ سالوں میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے ایچ ای سی کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ حکومت پاکستان ملکی ترقی کیلئے اعلیٰ تعلیمی شعبہ میں ترقی کا عزم کئے ہوئے ہے۔ڈاکٹر مختار نے کہا کہ مالدیپ اور پاکستان برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں اور تعلیم کو اس میں شامل کر کے ان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتاہے۔مالدیپ کے وفد نے مہمان نوازی پر پاکستانی عوا م کا شکریہ ادا کیا اور تعلیمی شعبہ میں تعاون سے ددنوں ممالک کے درمیان حکومتی اور عوامی سطح پر ایک دوسرے کے قریب لانے میں مدد ملے گی۔