ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق افراد کامقدمہ کے الیکٹرک کے خلاف درج کرائیں گے، حافظ احمدعلی

جمعہ 6 مئی 2016 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 مئی۔2016ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی نے کہاہے کہ محکمہء موسمیات کی جانب سے شدیدترین ہیٹ اسٹروک کی پیشن گوئی اور محکمہء صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے اشتہارات جاری کرکے ایسالگ رہاہے کہ حکومت نے اپنی ذمہ داریاں پوری کردی ہیں، لیکن تمام احتیاطی تدابیر بجلی کے بغیر بے کارہیں، پچھلے سال بھی لوگ ہیٹ اسٹروک سے اتنے نہیں مرے جتنے بجلی کی لودشیڈنگ سے ،ہیٹ اسٹروک سے ہلاک ہونے والوں کامقدمہ Kالیکٹرک کے خلاف درج کرائیں گے۔

یہ باتیں انہوں نے جے یوآئی کے دفتر گلشن اقبال میں صوبائی امیر الحاج قاری عبدالمنان انورنقشبندی کے زیرصدارت منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر کراچی ڈویژن کے امیر پیر لیاقت علی شاہ، مولانامشتاق عباسی، مولانااقبال اﷲ، مولاناحضرت ولی ہزاروی، مفتی محمدحماداﷲ مدنی، قاری عبدالحئی شیخ، مولاناغلام مصطفی فاروقی، مولاناخواجہ احمدیارخان، مولاناقاری عبدالغفورشاکر، مولانالیاقت رحمانی، الحاج عبدالعزیزصدیقی، قاری سیف الرحمان، قاری امین،خواجہ سیف الاسلام ایڈوکیٹ، صاحبزادہ احمدالرحمان نقشبندی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ پچھلے سال بھی لوڈشیڈنگ کے باعث سینکڑوں افرادہیٹ اسٹروک کے شکارہوکر لقمہء اجل بن گئے،لیکن حکومتی سطح پر کسی قسم کے اقدامات نہیں ہوئے محض کیمپ لگواکر اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کی کوشش کی گئی،اس مرتبہ بھی کچھ لوگوں نے ہیٹ اسٹروک کیمپ لگادیئے ہیں جن میں کوئی ذمہ دار نظرنہیں آتانہ ہی کسی قسم کی سہولت نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ڈھکوسلہ بازی کرنے کے بجائے انسانی جانوں کو بچانے کی پیشگی حکمت عملی بنائے اور خصوصاً Kالیکٹرک کاقبلہ درست کرے جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن کررکھی ہے، ابھی سے شہر کے تمام علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیاگیاہے جس کے باعث لوگ انتہائی پریشانی میں مبتلاہیں کہ ابھی سے یہ عالم ہے تو جون جولائی میں کیاحال ہوگا۔

جے یوآئی رہنماؤں نے کہاکہ Kالیکٹرک اور سابقہKESCنے قومی اثاثے بیچ کر اپنی تجوریاں بھریں اور شہر میں پہلے سے لگی ہوئی تانبے کی تاریں اتارکر سلور کی تاریں ڈالی ہیں جس کے باعث روزانہ شارٹ فال ہوتاہے اور تاریں ٹوٹ ٹوٹ کرگرتی ہیں جو بجلی کی فراہمی میں تعطل کا باعث بنتی ہیں،بجلی فراہم کرنے والے ادارے قوم کو کسی قسم ک فائدہ پہنچانے کے بجائے اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے Kالیکٹرک کے خلاف کارروائی نہیں کی تو عوام خود اس کااحتساب کرنے کے لئے سڑکوں پر نکلیں گے۔

متعلقہ عنوان :