اب کوئی مخفی طاقت حکومت کے بازو نہیں مروڑ سکتی،جو لوگ حکومت کے خلاف استعمال ہو نے تھے وہ ہوگئے ‘سینیٹر پروفیسر ساجد میر

پانامہ لیکس پر ہونے والے احتجاج کی کوئی خفیہ طاقت حمایت نہیں کررہی ‘ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعہ 6 مئی 2016 20:37

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء ) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے کہا ہے کہ اب کوئی مخفی طاقت حکومت کے بازو نہیں مروڑ سکتی، جو لوگ حکومت کے خلاف استعمال ہو نے تھے وہ ہوگئے اب انکی اہمیت نہیں رہی، پانامہ لیکس پر ہونے والے احتجاج کی کوئی خفیہ طاقت حمایت نہیں کررہی ۔ مرکز اہل حدیث راوی روڈ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا خاندان سمیت اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرنا خوش آئند ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں احتساب کمیشن پر تمام کا اتفاق رائے ایک مثبت پیش رفت ہے ٹی او آر پر بھی اتفاق رائے ہو جائے گا۔جب سب احتساب پر متفق ہیں تو احتجاج کس بات کا ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

اصولی طور پر عمران خاں کے پاس احتجاج کا اب جواز نہیں ہے۔وہ اپنے آپ کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پیپلزپارٹی پنجاب میں سیاسی طور پر دفن ہو چکی ہے۔

وہ جتنا مرضی شور مچالے پنجاب میں اس کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اوراپوزیشن سب احتساب پر متفق ہوگئے ہیں صرف ٹی او آر پر اختلاف ہے اسکا بھی حل نکل آئے گا۔ عمران خاں سے2018 کے انتخابات تک صبر نہیں ہورہا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں مجوزہ کمیشن کے قیام پر اتفاق رائے پیدا ہونے کے بعد اپوزیشن کے پاس احتجاج کا جواز نہیں رہا۔

پروفیسر ساجد میرنے کہا کہ کچھ عالمی طاقتیں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہدرای سمیت دیگر ترقیاتی کام تکمیل تک پہنچ گئے تو بہت سارے اندرونی اور بیرونی عناصر کے عزائم خاک میں مل جائیں گے۔ مسلم لیگ ن کے دور اقتدار میں یہ ترقی اپوزیشن سمیت ملک دشمن عناصر کو بھی نہیں برداشت ہو رہی۔اس لیے وہ کسی نہ کسی ایشو پر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے اپنے ایجنٹوں کو استعمال کرتی رہتی ہیں۔

مگر اب عوام میں شعور آچکا ہے۔ انہیں کھوکھلے نعرے لگانے والوں اور کام کرنے والے لوگوں کا فرق پتہ چل گیا ہے۔ اس لیے دشمن اپنے عزائم میں ناکام ہو نگے۔ دریں اثناء امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر وزیر اعظم محمد نوازشریف سے کل ہفتہ کو ملاقات کریں گے۔ملاقات میں ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال خصوصا ٹی او آر پر مشاورت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :