پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن تقسیم ہو چکی ،منتخب وزیر اعظم کو نہیں ہٹایا جا سکتا ، سردار ایاز صادق

عوام ملکی ترقی کے خلاف ہونے والی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ‘ اسپیکر قومی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 6 مئی 2016 20:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن تقسیم ہو چکی ہے ،منتخب وزیر اعظم کو نہیں ہٹایا جا سکتا ، حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک میں غیر ملکی سرمایہ کار ہو رہی ہے ، عوام ملکی ترقی کے خلاف ہونے والی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پانامہ لیکس میں تووزیراعظم کانام نہیں ہے لیکن اپوزیشن کے ٹی اوآرزمیں صرف وزیراعظم کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف کوہٹانے کے لیے بہانے ڈھونڈے جارہے ہیں لیکن منتخب وزیر اعظم کو نہیں ہٹایا جا سکتا اور عوام ملکی ترقی کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی اعتمادکی وجہ سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہو رہی ہے لیکن ایساپہلے کبھی نہیں ہوا،آئندہ دوسالوں میں منصوبوں تکمیل پرشورمچانیوالوں کی چھٹی ہوجائیگی اور پاکستان میں ایک بار پھر امن اور خوشحالی کا دور ہو گا ۔ ایک سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق نے کہاکہ پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن تقسیم ہو چکی ہے ۔