پاکستان ہندوکونسل سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی تشویش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ڈاکٹر رمیش کمارونکوانی

سندھ حکومت کے پیش کردہ اعدادو شمار کو درست تصور کیا جائے تو مطلب ہے تھر کے بدحال عوام کے پاس کم از کم 6ماہ کیلئے خوراک کا وافر ذخیرہ موجود ہونا چاہئے،رکن قومی اسمبلی کی سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق ،صحافیوں کو دورہِ تھر کی دعوت

جمعہ 6 مئی 2016 20:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست ِ اعلیٰ اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمارونکوانی نے ان میڈیا اطلاعات کی پرزور الفاظ میں تائید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے حالیہ اجلاس کے دوران ممبران تھر کے عوام کی حالت زار کا ذمہ دار کرپشن اور امدادی فنڈز میں خردبردسمجھتے ہیں، سینیٹ کمیٹی ممبران نے اس امر پر سخت تعجب کا اظہار کیا تھا کہ سندھ حکومت کے افسران کی تھر کیلئے پیش کردہ امدادی رپورٹ میں تھر کے نام پر خاصی بڑی رقوم خرچ کی گئی ہیں لیکن عملی طور پر تھر کے عوام کی بدحالی دور کرنے فنڈز کے شفاف استعمال کا کوئی ثبوت نہیں۔

قومی اسمبلی میں تھر کی نمائندگی کرنے والے ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے اپنے تبصرے میں کہا کہ پاکستان ہندوکونسل عرصہ دراز سے تھرکے عوام کی خوشحالی اور سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے آواز بلند کرتی آئی ہے اور مختلف مواقعوں پر تھر کو لاقانونیت اور کرپشن کا گڑھ بنائے جانے پر احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تھر اور عمرکوٹ میں غنڈہ گردی اور بے یقینی کے بڑھاوے کا ذمہ دار پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت فقیرشیر محمد ایم این اے ،مہیش کمار ملانی ایم پی اے سمیت دیگر کو ٹھہراتے ہوئے سند ھ حکومت کی چشم پوشی کو افسوسناک قرار دیا، ڈاکٹر رمیش کمار نے تھرپارکر سے ایم این اے فقیر شیر محمد بلالانی اور نوابشاہ سے ایم این اے سید غلام مصطفی شاہ ، سردار نواب خان چانڈیو و دیگر ساتھیوں کے ہمراہ تھر میں نایاب نسل کے ہرنوں کے شکار پر بھی سخت افسوس کا اظہار کیا ۔

ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے سینٹ کمیٹی اجلاس کے دوران ایک ممبر کے ریمارکس سے متفق ہوتے ہوئے کہا کہ اگر سندھ حکومت کے پیش کردہ اعدادو شمار کو درست تصور کرلیا جائے تو اسکا مطلب ہے کہ تھر کے بدحال عوام کے پاس کم از کم چھ ماہ کیلئے خوراک کا وافر ذخیرہ موجود ہونا چاہئے، ڈاکٹر رمیش کمار نے وزیراعظم پاکستان سے استدعا کی کہ وہ سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی تشویش پر ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لینے کے احکامات صادر کریں۔ پاکستان ہندوکونسل کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے سینٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے ممبران اور صحافیوں کو تھر میں بسنے والوں کی حالتِ زار کا جائزہ لینے کیلئے انہیں دورہِ تھر کی دعوت دیتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔