پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا

مکی آرتھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پانچویں غیرملکی کوچ ہوں گے ،آرتھر کراچی کنگز کے کوچ کی ذمے داریاں سے دستبردار ہو جائینگے

جمعہ 6 مئی 2016 18:53

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ،مکی آرتھر سے دو سال کے لئے 18لاکھ روپے ماہانہ کا پیکج طے پایا ہے،روں ماہ کے آخر تک قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے ، مکی آرتھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پانچویں غیرملکی کوچ ہوں گے اور قومی ٹیم کی کوچنگ کا عہدہ قبول کرنے کے بعد اب آرتھر کراچی کنگز کے کوچ کی ذمے داریاں سے دستبردار ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کی ناکارہ کارکردگی کے بعد سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ کوچنگ کے کیلئے کسی موزوں شخص کی تلاش میں سرگرداں تھا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے مکی اّرتھر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا گیا ہے ۔پی سی بی کے مطابق مکی آرتھر سے دو سال کے لئے معاہدہ کیا گیا ہے اور امید ہے کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے ۔

قومی ٹیم کی کوچنگ کے عوض مکی کے ساتھ دو سال کے لئے 18لاکھ روپے ماہانہ کا پیکج طے پایا ہے ۔مکی آرتھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پانچویں غیرملکی کوچ ہوں گے۔ان سے پہلے رچرڈ پائی بس، باب وولمر، جیف لاسن اور ڈیو واٹمور کوچ رہ چکے ہیں۔قومی ٹیم کی موجودہ کارکردگی، پاکستان میں سیکیورٹی مسائل اور نسبتا کم تنخواہ کے سبب اسے دنیا میں کوچنگ کی مشکل ترین نوکری تصور کی جاتی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچ کی تقرری کیلئے قومی ٹیم کے سابق قائدین وسیم اکرم اور رمیز راجہ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔پی سی بی کے مطابق کمیٹی نے چار نام تجویز کیے تھے اور پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز سے تفصیلی مشاورت کے بعد مکی آرتھر سے رابطہ کیا گیا۔ جنہوں نے پاکستان کی کوچنگ کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ۔ابتدا میں پیٹر مورس اور اسٹورٹ لا کے ساتھ ساتھ عاقب جاوید کو گرین شرٹس کی کوچنگ کا مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا تھا لیکن مختلف وجوہات کے سبب ان امیداروں کے انکار کے بعد مکی آرتھر کے نام پر اتفاق کیا گیا۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ان کی کوچنگ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے شاندار فتوحات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تمام فارمیٹس میں عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کیا۔110فرسٹ کلاس میچز کھیلنے والے مکی آرتھر کو دنیا کی دو بڑی ٹیموں کی کوچنگ کا تجربہ حاصل ہے جہاں آسٹریلیا کی کوچنگ سے قبل انہوں نے پانچ سال تک جنوبی افریقہ کی کوچنگ کی۔

آرتھر نے 2005ء سے 2010ء تک اپنے آبائی ملک جنوبی افریقہ کی کوچنگ کی جس کے بعد 2011ء میں انہیں آسٹریلیا کا کوچ مقرر کیا گیا تاہم 2013کی ایشز سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے سبب انہیں عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔گزشتہ سال انہیں پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کی کوچنگ کی ذمے داری بھی سونپی گئی تھی لیکن کنگز کی ٹیم مایوس کن کارکردگی کے بعد ایونٹ کے پلے آف تک رسائی حاصل نہیں کر سکی تھی۔قومی ٹیم کی کوچنگ کا عہدہ قبول کرنے کے بعد اب آرتھر کراچی کنگز کے کوچ کی ذمے داریاں سے دستبردار ہو جائیں گے۔