اپوزیشن کی ٹی او آرز حتمی ہیں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی،شیخ رشید

قومی اسمبلی اجلاس سے قبل اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیا جائیگا

جمعہ 6 مئی 2016 17:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 مئی۔2016ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو بھیجی گئیں ٹی او آرز حتمی ہیں اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہو سکتی ،پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی،جمعہ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر چیف جسٹس آف پاکستان نے حکومت کی جانب سے بھیجی گئیں ٹی او آرز پر جوڈیشل کمیشن بنایا تو اپوزیشن جماعتیں اس کو تسلیم نہیں کریں گی ، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اپنے آبائی گاؤں جانا ہے اس لئے انہوں نے پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل دن ایک بجے اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس بلایا ہے اس اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کی ٹی او آرز کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو کہ خوش آئند ہے لیکن اب کمیٹی کس انداز میں آگے بڑھتی ہے یہ کہنا قبل از وقت ہے،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ٹی او آرز حتمی ہیں ،8 سیاسی جماعتوں نے متفقہ طو رپر ٹی اوآرز تشکیل دی ہیں اس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں ہو سکتی ،وزیر اعظم کا سب سے پہلا احتساب ہوگا اور ہونا بھی ایسی ہی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دولت لوٹ کر باہر لے جانے والے اصل دہشتگرد ہیں امیروں کے بچوں کے ٹھاٹ ہیں جبکہ غریبوں کے بچوں کو دھکے پڑتے ہیں وزیراعظم نواز شریف دہشتگردی کو جلسے میں صحیح طرح بیان نہیں کرپائے وزیراعظم بوکھلاہٹ کا شکار ہیں قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا مقرو ض بنا دیا گیا ہے

متعلقہ عنوان :