نیب کی قانون پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے تدارک اور آگاہی کی مہم ”بدعنوانی سے انکار“ بھرپور انداز میں جاری

نیب کا ”بدعنوانی سے انکار“ پیغام اسلام آباد کے بعد اب بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے ڈرائیونگ لائسنسوں پر بھی شائع کیا جا رہا ہے

جمعہ 6 مئی 2016 16:57

اسلام آباد۔06 مئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 مئی۔2016ء ) قومی احتساب بیورو (نیب) کی قانون پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے تدارک اور آگاہی کی مہم ”بدعنوانی سے انکار“ بھرپور انداز میں جاری ہے، نیب کا ”بدعنوانی سے انکار“ کا پیغام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بعد اب بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے ڈرائیونگ لائسنسوں پر بھی شائع کیا جا رہا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قانون پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے تدارک اور آگاہی کے حوالے سے متعدد سرگرمیاں جاری ہیں ن میں مختلف سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں لیکچرز کے ذریعے آگاہی کے علاوہ یوٹیلیٹی بلوں پر نیب کا پیغام بدعنوانی سے انکار شائع کر کے یہ پیغام ملک کے تمام شہریوں تک پھیلایا جا رہا ہے، اس سے پہلے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈرائیونگ لائسنسوں پر نیب کا بدعنوانی سے انکار کا پیغام شائع کیا جا رہا تھا، اب یہ پیغام صوبہ بلوچستان اور صوبہ خیبرپختونخوا میں ڈرائیونگ لائسنسوں پر پرنٹ کیا جا رہا ہے، اسی طرح نادرا کے شناختی کارڈ، سوئی گس، ٹیلی فون اور بجلی کے بلوں پر بھی نیب کا پیغام بدعنوانی سے انکار درج ہے۔

(جاری ہے)

تمام بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں اور ڈاک ٹکٹ پر بہی پیغام شائع کیا گیا ہے، سینما گھروں میں بھی نیب کا پیغام بدعنوانی سے انکار دکھایا جاتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کمرشل پلازوں کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی نیب کا پیغام بدعنوانی سے انکار درج ہے، مختلف اخبارات میں پیشانی پر نیب کا پیغام بدعنوانی سے انکار درج کیا جا رہا ہے نیب کی اس مہم کا مقصد شہریوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنا ہے کیونکہ بدعنوانی سے نہ صرف سماجی و معاشی مسائل پیدا ہوتے ہیں بلکہ ترقیاتی عمل رک جاتا ہے۔