دولت مشترکہ پارلیمنٹیرین کی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اکبر خان کی پپس میں پارلیمانی سٹاف ڈویلپمنٹ ورکشاپ میں شرکت

جمعہ 6 مئی 2016 16:57

اسلام آباد۔06 مئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 مئی۔2016ء ) دولت مشترکہ پارلیمنٹیرین پارلیمٹنری ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اکبر خان نے جمعہ کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز ( پپس) میں پارلیمانی سٹاف ڈویلپمنٹ ورکشاپ میں شرکت کی۔ اس موقع پر پپس کے قائمقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد راشد مفزول ذکاء اور دولت مشترکہ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اکبر خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

پپس کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے سیکرٹری جنرل کو اپنے انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی اور پارلیمینٹیرنز کی سپورٹ اور ان کی استعدادکار بڑھانے کے حوالے سے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ سیکرٹری جنرل نے پپس کی اچھی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ سی پی اے اور پپس کے درمیان باہمی مفاد کے حوالے سے دیرپارشتہ قائم ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دولت مشترکہ کے فورم پر پپس سے متعلقہ کورسز متعارف ہونے چاہئیں تا کہ دولت مشترکہ ممالک کے پارلیمنٹیرین اور پارلیمنٹری سٹاف ان سے استفادہ کر سکیں۔

پپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے معزز مہمان کو بتایا کہ ان کا ادارہ مشرق وسطیٰ، ایشیا اور نارتھ امریکہ کے 12ممالک کی پارلیمنٹری ریسرچ سنٹرز کا رکن ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے تجویز دی کہ پپس اور سی پی اے کے درمیان باہمی تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہونے چاہئیں تا کہ باقاعدہ طور پر ان شعبوں کی نشاندہی کی جائے جن میں سی پی اے اور پپس کے درمیان تعاون اور تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ پارلیمنٹری ممالک کے پارلیمنٹیرنز کو قواعد و ضوابط، کمیٹیوں کے نظام ، پارلیمنٹری ریسرچ اور ترقی کے حوالے سے پپس کے کورسز سے آگاہی ہونی چاہیے۔ سی پی اے کے سیکرٹری جنرل نے پپس پر زور دیا کہ وہ خطے کی پارلیمانوں کے ساتھ بھرپور انداز میں تعاون کو فروغ دیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں مالدیپ کی پارلیمنٹ سے کام کا آغاز کرنے کے لئے اپنی مدد کی پیشکش کی۔ پپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے سکیرٹری جنرل کو یقین دلایا کہ ان کا انسٹیٹیوٹ اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرے گا، سیکرٹری جنرل نے پپس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گڈگورننس اور پاکستان میں جمہوریت کے حوالے سے پپس کا کردار انتہائی اہم ہے ۔