الیکشن کمیشن خواتین کو مرکزی دھارے میں لانے کی حمایت کرتا ہے، مردوں کے مقابلہ میں خواتین کی تعداد کم ہے، 10 لاکھ خواتین کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہیں، سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب

جمعہ 6 مئی 2016 16:53

اسلام آباد۔06 مئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 مئی۔2016ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن خواتین کی صنفی مرکزی دھارے اور بڑی سیاسی شمولیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ وہ جمعہ کو خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن سے متعلق امور پر سول سوسائٹی کے اراکین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری شیرافگن نے بتایا کہ رجسٹرڈ مرد ووٹرز کے مقابلہ میں خواتین کی تعداد کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئندہ انتخابات میں خواتین کی شرکت میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ 10 لاکھ خواتین کے پاس شناختی کارڈ بھی نہیں ہیں، الیکشن کمیشن خواتین کو شناختی کارڈ کے اجراء کے معاملہ کو دیکھ رہا ہے اور نادرا اس سلسلہ میں مکمل تعاون فراہم کر رہا ہے۔ شرکاء نے کہا کہ مختلف علاقوں میں خواتین کی رجسٹریشن کم ہے، ان علاقوں میں علاقائی ثقافتی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف حکمت عملی تشکیل دینا ہو گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ انتخابی عمل میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کیلئے ارکان پارلیمنٹ اور امدادی اداروں کو اعتماد میں لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :