کندھ کوٹ ریلوے ٹریک کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام ، 5مبینہ دہشت گرد گرفتار

جمعہ 6 مئی 2016 16:42

کندھ کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) پولیس اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران کندھ کوٹ ریلوے ٹریک کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے کندھ کوٹ میں پولیس اورحساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پر بم نصب کرتے ہوئے کالعدم بلوچستان ری پبلکن آرمی کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو بارودی مواد سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔

اس ضمن میں ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ نے کہاکہ گرفتار ہونے والے پانچوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی سے ہے جبکہ ان کی شناخت محمد خان گاجانی ، صادق بگٹی ، ماما بہادر بنگلانی ، عطائی ڈاکٹر دل مراد نوناری اور فتح محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 12 کلو بارودی مواد ، 3 دستی بم ، 2 ٹائم بم ، 2 پستول ، 3 کلاشنکوف، 2 ڈیٹو نیٹراوربڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں جب کہ گرفتار ملزمان نے افغانستان سے تخریب کاری کی تربیت حاصل کی ہے۔

ایس ایس پی کشمور عمر طفیل کے مطابق دہشت گردوں نے ابتدائی تفتیش میں سندھ بلوچستان سرحدی علاقوں میں ریلوے ٹریکس اور گیس پائپ لائنوں کو 18 بم دھماکوں سے اڑانے کا اعتراف کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :