متحدہ قومی موومنٹ نے15 مئی کو شیڈو بجٹ پیش کرنے کا اعلان کردیا

جمعہ 6 مئی 2016 16:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) نے15 مئی کو شیڈو بجٹ پیش کرنے کا اعلان کردیاہے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ سندھ میں پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو فسادات ہوں گے۔ سندھ میں ایک وزیر اعلی نہیں کئی وزرائے اعلی ہیں۔ خورشید شاہ وزیر اعظم سے جواب مانگ رہے ہیں ، وزیر اعلی سندھ سے جواب کب مانگیں گے ۔

سندھ کے وزراء نااہل ہیں۔ وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد اور دیگرارکان بھی موجود تھے ۔خواجہ ظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ کی دوسری اور کراچی شہر کی سب سے بڑی منتخب جماعت ہے۔

(جاری ہے)

پچھلے سال انہیں دنوں میں پانی کا بحران تھا جو آج بھی ہے۔

اس وقت کراچی کربلا ما منظر پیش کر رہا ہے۔سندھ حکومت پانی تک فراہم کرنے میں ناکام گئی ہے۔ٹینکرز کے ذریعے پانی سپلائی کی اسکیم بھی کرپشن کا ذریعہ تھی۔سندھ حکومت ساڑھے 6 سو ارب روپے خرچ کر چکی ہے لیکن کراچی کے شہریوں کو پانی میسر نہیں ہے ۔یہی صورت حال رہی تو کراچی میں فسادات پھوٹ پڑیں گے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا گواہ رہے کہ ہم نے اس صورت حال کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ دیا ہے ۔

وزیر اعلی سندھ سے ملنے جائیں تو وہ سرکاری چائے پلا کررخصت کر دیتے ہیں خط لکھیں تو جواب نہیں دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں امتحانات چل رہے ہیں لیکن نہ پانی ہے نہ باتھ رومز ہیں۔بچے بھوکے پیاسے پسینے میں شرابور ہیں اور وزرا فوٹو سیشن کرنے میں مصروف ہیں۔ پانی کے معاملے میں 200 ارب روپے کی کرپشن کا کیا ہوا۔پانی کرپشن کی جے آئی ٹی کا کیا ہوا۔

آخر کیوں سب ادارے خاموش ہیں، کیوں تحقیقات سے گریز کیا جا رہا ہے۔ہم نے رینجرز اور نیب کو بھی درخواست دی ہے کہ کرپشن کے اس معاملے کو بھی دیکھا جائے ۔امن امان کی کوششیں کب تک جاری رہیں گی کہ پانی بھی نہ ملے۔رمضان المبارک کا مہینہ آرہا ہے اور شدید گرمی کے موسم میں پانی کی سپلائی کی بہتری کے لیے صوبائی حکومت نے اب تک کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔

پانی کے معاملے پر اگر فسادات ہوئے تو ذمہ دار سندھ حکومت اور ان کی شاہانہ کابینہ ہوگی۔ہمیں سندھ حکومت سے کوئی امید نہیں،اس کے وزرا نااہل ہیں۔ہم نے قلت آب کی بدترین صورتحال پر گورنر سندھ ،کور کمانڈر کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات کی نیت پر شک نہیں ان سے ہمدردی ہے۔سابق وزیر بلدیات نے کرپشن کا بازار گرم کیا ۔ہم سندھ حکومت کو لکھا خط میڈیا میں بھی پیش کر رہے ہیں۔

میڈیا مل کر آواز اٹھائے شاید کسی کو شرم آجائے اور عوام کو پانی مل سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ ہمیں سرکاری خرچے سے چائے پلاتے ہیں اور خدا پر بھروسے کا کہتے ہیں،جب جب سی ایم ہاوٴس جاتا ہوں ایمان تازہ ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کو کامخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیر اعظم سے خطوط کے جواب مانگتے ہیں یہاں بھی تو دیکھیں۔آپ پنامہ لیکس کی بات کر رہے ہو اور ہم پاجاما لیکس کی بات کر رہے ہیں۔

آپ وزیراعظم سے جواب مانگتے ہو ہم وزیر اعلی سے جواب مانگتے ہیں۔آپ اور ہم کرپشن کے خلاف ہیں تو اپنے وزیر اعلیٰ سے ذرا بات تو کریں ۔اس موقع پر سیدسردار احمد نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے 15مئی کو شیڈو بجٹ پیش کیا جائے گا ۔مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے اور بیروزگاری بہت زیادہ ہے اس لیے ہم بجٹ میں کسی نئے ٹیکس کی تجویز نہیں دیں گے ۔ہماری شیڈو بجٹ کے نقاط بہت سادہ اور عوامی ہیں۔ ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی خالد احمد نے کہا کہ سندھ حکومت چاروں صوبوں میں کرپشن کے معاملے میں سب سے آگے ہے۔ پانی کے چار بڑے منصوبے کے لیے بجٹ میں اربوں روپے رکھے گئے لیکن کسی بھی منصوبے پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا ۔

متعلقہ عنوان :