جدید ٹیکنالوجی کے باوجود سپاہی کی بنیادی تربیت اورجسمانی صحت بنیادی حیثیت رکھتی ہے

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی لاہور میں پاکستان آرمی کی جسمانی و حربی مقابلوں کے شرکا کے معیار تربیت کی تعریف مقابلوں میں پاک فوج کے 275 اہلکاروں نے حصہ لیا، پروگرام جدید سائنسی اصولوں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا، آئی ایس پی آر

جمعہ 6 مئی 2016 16:37

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 مئی۔2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے لاہور میں پاکستان آرمی کی جسمانی و حربی مقابلوں کے شرکاء کے معیار تربیت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی آنے کے باوجود سپاہی کی بنیادی تربیت اہمیت رکھتی ہے، سپاہی کی تربیت میں جسمانی صحت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایوب اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان آرمی کی جسمانی و حربی صلاحیتوں کے 5ویں مقابلوں (پی اے سی ای ایس 2016)کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دیکھنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلوں میں پاک فوج کے 275 اہلکاروں نے حصہ لیا، پروگرام جدید سائنسی اصولوں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا، مقابلوں کا مقصد جوانوں کی جسمانی تربیت کے معیار میں بہتری لانا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مقابلے میں حصہ لینے والے جوانوں کے تربیت کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی آنے کے باوجود سپاہی کی بنیادی تربیت اہمیت رکھتی ہے، سپاہی کی تربیت میں جسمانی صحت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مقابلے جیتنے والوں کو انفرادی اور ٹیم انعامات سے نوازا، انفرادی مقابلوں میں نائیک محمد اویس نے 2میل کا فاصلہ 10منٹ ایک سیکنڈ میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی،سپاہی فاروق نے 49.42سیکنڈ میں کامبٹ کارکردگی ٹیسٹ مکمل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، گنر اشفاق حسین نے 56پل اپس جبکہ سپاہی نوید الحسن نے 30منٹ میں 1948اٹھک بیٹھک لگا کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

سپاہی اکرام نے 30منٹ میں 1705پش اپس لگا کر پہلی پوزیشن حاصل کی اور مجموعی طور پر مقابلے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا۔ سپاہی ناصر محمود نے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ راولپنڈی کور کی ٹیم نے مقابلے میں پہلی جبکہ کراچی کور کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔یاد رہے کہ یہ مقابلے 27اپریل سے 6مئی تک جاری رہے۔