افغانستان میں مصالحت کے لیے چار ملکی کوششیں جلد کامیاب ہوں گی،خطے میں بہتری آئے گی، پاکستان خطہ میں امن اور استحکام کے لیے بھر پور کوششیں کر رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ ئے ہیں

صدر مملکت ممنون حسین کی کینڈا کی سبکدوش ہونے والی سفیر ہیتھر کروڈن سے بات چیت

جمعہ 6 مئی 2016 16:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں مصالحت کے لیے چار ملکی کوششیں جلد کامیاب ہوں گی اور خطے میں بہتری آئے گی۔وہ کینڈا کی سبکدوش ہونے والی سفیر ہیتھر کروڈن سے بات چیت کررہے تھے جنھوں نے جمعہ کو ایوان ِصدر میں اْن سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطہ میں امن اور استحکام کے لیے بھر پور کوششیں کر رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ ئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب نے کامیابی کے ساتھ نوے فیصد اہداف حاصل کر لیے ہیں اور بہت جلد مکمل کامیابی حاصل کر لی جائے گی جس سے خطے میں استحکام آئے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں خواتین اور بچوں کی تعلیم پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے کئی منصوبوں پر عمل جاری ہے جن میں تعلیم سر فہرست ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیمی منصوبوں میں کینڈا کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کینڈا اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کینیڈا جانے کے خواہش مند نوجوانوں کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی پر غور کرے۔

صدر مملکت نے کہا خواتین کو با اختیار بنانے کے منصوبوں میں کینڈا کے تعاون کا خیر مقدم کیا جائے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور کینڈا کے درمیان تعلقات نہایت خوش گوار ہیں جن میں وقت کے ساتھ مزید گہرائی آتی جا رہی ہے۔ انہوں نے دو نوں ملکوں کے درمیان تجارت میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اکنامک کاریڈور کے فعال ہو جانے کے بعد اس خطے کی تجارت میں غیر معمولی اضافہ ہو جائے گا۔ صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والی سفیر کے لیے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر کینڈا کے سفیر ہیتھر گروڈن نے کہا کہ پاکستان میں تیزی سے حالات میں بہتری آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی پاکستان میں قیام کی یادیں نہایت خوش گوار ہیں۔