حکومت سول سروس اور سرکاری شعبے میں اصلاحات کے ایجنڈے پر عملد رآمد کے لئے مربوط اور جامع حکمت عملی اپنانا چاہتی ہے،وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات

جمعہ 6 مئی 2016 16:14

اسلام آباد ۔ 6 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 مئی۔2016ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف کی ہدایت پر وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات نے پاکستان وژن 2025 ء کے تحت اصلاحات کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ادارہ جاتی تبدیلی اور مضبوط پر فارمنس مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے سرکاری شعبے اور سول سروس میں جدت لانے کے لئے اصلاحات پر کام کر رہی ہے ۔

اس سلسلہ میں وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کے زرائع نے جمعہ کو( اے پی پی) کو بتایاکہ پاکستان کے مسائل کو موثر اور مربوط منصوبہ بندی کے ذریعے حل کرنے کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے ، نجی شعبہ، تحقیقی اداروں اور حکومتی اشتراک سے تمام بحرانوں پرقابو پانے کے لئے مشاورت کا عمل ہو رہاہے ، وژن 2025 صنعت اور علم کی بنیاد پر پاکستان کو تبدیل کرنے کی ایک کوشش ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت عوام کی توقعات پر پورا اتر نے کے لئے منصوبہ بندی کررہی ہے اور پاکستان وژن 2025 ء کے سات ستونوں میں سے ایک ستون ادارہ جاتی اصلاحات اور سرکاری شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرناہے جس پر عملد رآمدجاری ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ وژن 2025ء میں پاکستان میں بسنے والے لوگوں کے لئے زندگی کی ایک اعلی معیار کی فراہمی اور عالمی سطح پر مسابقتی اور ایک خوشحال ملک بنانے کے لئے اقدامات شامل ہیں۔

وژن 2025ء صنعت اور علم کی بنیاد پر پاکستان کو تبدیل کرنے کی ایک کوشش ہے اور اس ضمن میں حکومت توانائی،انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کے لئے اقدامات کریگی، مقامی وسائل کو فروغ دینا، ادارہ جاتی اصلاحات اور گڈ گورننس، اجناس پیدا کرنے والے سیکٹر کی بحالی، برآمدات میں اضافہ اور نجی شعبہ کی ترقی کیلئے اقدامات اور معیشت کی ترقی کیلئے سماجی سرمائے کو بروئے کار لانے کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وژن 2025 ء کے تحت اصلاحات کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف نے وزارت منصوبہ بندی ،ترقی واصلاحات کو ادارہ جاتی تبدیلی اور مضبوط پر فارمنس مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے سرکاری شعبے اور سول سروس میں جدت لانے کام جاری ہیں اور اس پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا ہے اور حکومت سول سروس اور سرکاری شعبے میں اصلاحات کے ایجنڈے پر عملد رآمد کے لئے مربوط اور جامع حکمت عملی اپنانا چاہتی ہے تا کہ سرکاری اداروں کو تیز ،مربوط ،جوابدہ،عوام دوست ،شفاف ،میرٹ پر مبنی ،جدید ٹیکنالوجی کا حامل اور نتیجہ خیز بنایا جاسکے ، جس سے اقتصادی ترقی کے مطلوبہ اہداف کے حصول میں مدد ملے گی ۔