جنوبی پنجاب میں کپاس کی کاشت کا سلسلہ جاری ، کاشتکار فصل کی کاشت جلد مکمل کریں‘ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

جمعہ 6 مئی 2016 14:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء ) محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ دو دن میں صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع بہاولنگر ، بہاولپور، میانوالی، ملتان ، رحیم یار خان اور ساہیوال میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے ۔ اس وقت جنوبی پنجاب میں کپاس کی کاشت کا سلسلہ جاری ہے اس لیے محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فصل کی کاشت جلد مکمل کریں۔

بوائی کے دوران ریڈیو اور ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی موسمی پیشین گوئی پر توجہ دیں اور اس کے مطابق زمین کی تیاری اور فصل کی بوائی کا انتظام کریں۔پاکستان عالمی سطح پر ان ممالک میں شامل ہے جہاں زراعت کو موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے خطرات درپیش ہے ۔ پاکستان میں موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے کم یا زیادہ بارشوں کے باعث کپاس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

گذشتہ سال ہونے والی بارشوں کی وجہ سے سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے حملہ میں اضافہ نوٹ کیا گیا جس سے کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں کمی ہوئی ۔اور بارش کی صورت میں پیداوار متاثر نہ ہو۔ زرعی ماہرین کے مطابق کاشتکار علاقہ کی موزونیت ، زمینوں کی زرخیزی اور گذشتہ سالوں کے تجربات کی روشنی میں کپاس کی بی ٹی اقسام کا انتخاب کریں ، زمین کی تیاری ، بروقت کاشت اور بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنائیں ۔

کپاس کاشت کے مرکزی علاقوں میں زرعی ماہرین کی ٹیمیں گاؤں کی سطح پر کاشتکاروں کو کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی کے لئے تربیتی پروگراموں کے انعقاد میں مصروف ہیں ۔ کاشتکار ماہرین کی مشاورت سے کپاس کی بروقت کاشت کو یقینی بنائیں اور موسمی تبدیلیوں کے ناموافق اثرات پر قابو پا کر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کریں۔

متعلقہ عنوان :