دنیا کی پرتعیش ترین فلائٹ اور مہنگا ترین ٹکٹ ابوظہبی سے نیویارک کا کرایہ76ہزارامریکی ڈالر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 6 مئی 2016 12:57

لندن(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06مئی۔2016ء)متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی کی فضائی کمپنی "اتحاد ایئرویز" کا طیارہ اپنی بے مثال خصوصیات کے سبب دنیا کا پرتعیش ترین طیارہ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے غیرمعمولی سہولیات سے آراستہ کیبن کا ٹکٹ دنیا میں کسی بھی کمرشل طیارے کا مہنگا ترین ٹکٹ ہے، جہاں نیویارک سے ممبئی تک کا (دو طرفہ) کرایہ 76 ہزار امریکی ڈالر ہے۔

برطانوی ا جریدے کی جانب سے دنیا کے پرتعیش ترین طیارے کی تصاویر شائع کی گئی ہیں۔ اخبار کے مطابق طیارے کا ہر SUITE تین کمروں پر مشتمل ہے۔ "اتحاد ایئرویز" ہر سوٹ کے مسافروں کے لیے مخصوص خانساماں بھی فراہم کررہی ہے جو اس درجے کے مسافروں کو مطلوبہ خدمات پیش کرے گا۔

(جاری ہے)

اس کیبن میں ایک مرتبہ سفر کے اخراجات ایک عام ملازمت پیشہ شخص کی پورے سال کی تنخواہ کے برابر ہے۔

اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ درجہ ان صاحب ثروت اور تاجر پیشہ شخصیات کے لیے مخصوص ہے جو سفر کے دوران انتہائی درجے کا تعیش اور تفریح کی تلاش میں رہتی ہیں۔برطانوی جریدے نے حوالہ دیا ہے کہ "اتحاد ایئرویز" اس وقت نیویارک اور ابوظبی کے درمیان ایک پرتعیش پرواز چلا رہی ہے۔ یہ پرواز بڑی حد تک مقبول ہوچکی ہے تاہم اس کا خرچ کافی زیادہ ہے۔

جہاں تک سوٹ سے آراستہ طیارے کا تعلق ہے تو یہ ایئربس (A380-800)ماڈل ہے۔ "اتحاد ایئرویز" کے سوا دنیا میں کوئی بھی فضائی کمپنی اس نوعیت کی سہولیات فراہم نہیں کررہی ہے۔ اس کے ہر سوٹ میں ایک bedroom، ایک living room اور ایک shower room کے علاوہ دیگر بے تحاشہ خدمات شامل ہیں۔"اتحاد ایئرویز" گزشتہ برس دسمبر سے ابوظبی اور نیویارک کے درمیان روٹ پر "ایئربس 380" ماڈل کے طیارے استعمال کررہی ہے۔

اس میں 500 مسافروں کی گنجائش ہے جن میں 415 اکانومی کلاس کے ہیں۔پرتعیش کیبن میں نیویارک سے ممبئی تک کا 76 ہزار ڈالر کا سفر تقریبا 19 سے 21 گھنٹوں میں مکمل ہوتا ہے۔واضح رہے کہ "اتحاد ایئرویز" کی جانب سے اس سے قبل بھی ایسے پرتعیش سفری کیبن کے منصوبے پیش کیے گئے ہیں جن کی مثال پہلے نہیں ملتی۔ اس جدت طرازی کے نتیجے میں کمپنی کچھ ہی عرصے میں متعدد عالمی ایوارڈز حاصل کر چکی ہے۔