ایم کیوایم کارکن اورڈاکٹرمحمدفاروق ستارکے کوآرڈی نیٹرآفتاب احمدکی فاتحہ سوئم

جمعرات 5 مئی 2016 22:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) رینجرز حراست میں بہیمانہ تشددسے جاں بحق ہونے والے ایم کیوایم کے کارکن اوررابطہ کمیٹی کے سینئرڈپٹی کنوینرڈاکٹرمحمدفاروق ستارکے کوآرڈی نیٹرآفتاب احمدشہیدکافاتحہ سوئم جمعرات کوبعدنمازظہر فیڈرل بی ایریامکان نمبر1291بلاک14میں واقع ان کی رہائش گاہ پرمنعقدہوا جس میں شہیدکی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی گئی اورشہیدکوان کی تنظیمی خدمات اورثابت قدمی پرزبردست خراج عقیدت وسلام عقیدت پیش کیاگیا۔

سوئم کے اجتماع میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرکہف الوریٰ،اراکین رابطہ کمیٹی عبدالحسیب،عبدالقادرخانزادہ،عارف خان ایڈووکیٹ ،اسماعیل قریشی، مطیع الرحمن، مرکزی رہنماء وحق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی،حق پرست اراکین سینیٹ،قومی وصوبائی اسمبلی،یوسی چیئرمین،وائس چیئرمین، کونسلرز،ایم کیوایم کے مرکزی ونگزاورشعبہ جات کے ارکان،ٹاؤن ،یوسیزکے عہدیداران،کارکنان اورایم کیوایم کے ہمدردعوام نے بہت بڑی تعدادمیں شرکت کی اورآفتاب احمدشہیدکوخراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پررکن رابطہ کمیٹی عبدالحسیب نے خشوع وخضوغ کے ساتھ آفتاب احمدشہیدسمیت تمام حق پرست شہداء کے بلنددرجات کے لئے فاتحہ خوانی کی اورقائدتحریک الطاف حسین سمیت شہیدکے تمام سوگوارلواحقین کے صبرجمیل ،لاپتہ کارکنان کی بازیابی، جیلوں میں اسیرکارکنان کی جلدازجلدرہائی اورکراچی آپریشن کی آڑمیں ایم کیو ایم کے کارکنان پر ظلم وستم کے خاتمے سمیت قائدتحریک الطاف حسین کی صحت وتندرستی درازی عمرکے لئے دعائیں کرائی۔

دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان عبدالحسیب ،اسماعیل قریشی اورمرکزی رہنماء خالدمقبول صدیقی نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں مذہبی انتہاء پسندوں ،جرائم پیشہ عناصراوراغواء برائے تاوان اوربھتہ خوری میں ملوث عناصرکی سرکوبی کے لئے ایم کیوایم کے مطالبہ پرشروع ہونیوالے ٹارگٹڈ آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کوہی انتقامی کارروائیوں کانشانہ بنایاجارہاہے۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ تین سالوں کے دوران آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کے 172کارکنان کوگرفتاری کی بعدلاپتہ کردیاگیاجبکہ57سے زائدکارکنان دوران حراست ماورائے عدالت قتل کردئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے کارکنان کودوران حراست انسانیت سوزبہیمانہ تشددکے بعدماورائے عدالت قتل کے واقعات سے انکارکیاجاتارہااورایم کیوایم کے مطالبات کے باوجودمانیٹرنگ کمیٹی کاقیام عمل میں نہیں لایاگیا۔

انہوں نے کہاکہ رینجرزحراست میں بہیمانہ تشددسے آفتاب احمدکی شہادت نے پوری دنیاکے کارکنان پرتشددکاپول کھول دیا۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف ، چیف جسٹس سپریم کورٹ پاکستان ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ آفتاب احمدشہیدسمیت تمام ماورائے عدالت قتل کارکنان کے اہل خانہ کوانصاف فراہم کیاجائے اورقتل میں ملوث اہلکاروں کوسزادی جائے اورکارکنان پرتشددروکنے کے لئے قانون سازی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :