جے آئی یوتھ کے زیراہتمام شہر بھرمیں اہم چوکوں ، فیصل چوک ، لبرٹی چوک ، اکبر چوک ،داتا دربار چوک میں کرپشن فری پاکستان کے حوالے سے احتجاجی کیمپ لگائیں جائیں گے

فیصل چوک کیمپ کا افتتاح لیاقت بلوچ 8 مئی کو کریں گے، ذکراللہ مجاہد

جمعرات 5 مئی 2016 22:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مئی۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان نے کرپشن فری پاکستان مہم کا آغاز یکم مارچ سے کر رکھا ہے جو کہ اپنے اہداف کے حصول کے لیے جاری و ساری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس سے جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔

ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ جے آئی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام فیصل چوک میں 8مئی کو 4بجے سہ پہر کرپشن فری پاکستان کے حوالے سے کیمپ لگایا جائے گا جس کا افتتاح سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کریں گے اسی طرح شہر بھر میں مختلف چوکوں پر احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے جن میں، لبرٹی چوک ، اچھرہ ، اکبر چوک اور داتا دربار چوک شامل ہیں ان کیمپوں میں عام لوگوں کے علاوہ علاقے کے موثر افراد ، مزدوروں ، تاجرتنظیموں ، صحافیوں ، طلبہ تنظیموں ، وکلاء، اساتذہ، سابق فوجی آفیسرز کو مدعو کیا جائے گااور عوام کو کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے لیے اپنا ہمنوا بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت کرپشن کے حوالے سے تمام تحقیقاتی اداروں کو کام کرنے سے روکا جا رہاہے ۔ اہم قومی اداروں پی آئی اے ، ریلوے اور واپڈا کی نجکاری موجودہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ملک اس وقت 75ارب ڈالر کا مقروض ہے اور ملک سے بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ ہو رہی ہے۔ اس وقت تک 375ارب ڈالر ملک سے باہر منتقل کر دئیے گئے ہیں ۔شاہد نوید ملک نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں نے عوام کو نعروں کے علاوہ کچھ نہیں دیا ،تمام حکومتی ادارے خسارے میں جا رہے ہیں جب کہ حکمرانوں کے اپنے کاروبار دن بدن ترقی کر رہے ہیں ۔

غیر قانونی طریقے سے قومی دولت باہر بھیجی جا رہی ہے جس کا واضح ثبوت پانامہ لیکس کے انکشافات سے ثابت ہو گیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمرانوں کے خفیہ اثاثے اور غیر ملکی بینک اکاؤنٹس میں رکھی گئی قومی دولت پاکستان لانے کے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اربوں اور کھربوں کے غیر قانونی اثاثے رکھنے والوں کے خلاف عوام امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں متحد ہو جائیں تا کہ ٹیکس چوروں سے بھی ٹیکس وصول کیا جا سکے ۔

اگر پاکستان سے لوٹی ہوئی دولت واپس آ جائے تو ملک کے نہ صرف قرضے اتر جائیں بلکہ ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو جائے گا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاہور جیسے بڑے شہر میں نوجوانوں کے لیے کھیل کے مناسب گرونڈ میسر نہیں ہیں اور وہ سڑکوں، گلیوں،بازاروں اور گھر کی چھتوں پر کھیلنے پر مجبور ہیں ۔نوجوانوں کو مثبت اور معیاری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن فری پاکستان مہم کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے مسلسل تگ و دو اور جہدو جہد جاری رکھیں گے ۔ایسے حکومتی ادارے جن کا عوام کے ساتھ برائے راست تعلق ہے کی اصلاح ، بہتری اور ان کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے ۔