لاہورہائیکورٹ ، وفاقی خاتون محتسب یاسمین عباسی کو توہین عدالت کیس گرفتار نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد سے آج تحریری وضاحت طلب

جمعرات 5 مئی 2016 22:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مئی۔2016ء) لاہورہائیکورٹ نے وفاقی خاتون محتسب یاسمین عباسی کو توہین عدالت کیس گرفتار نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد سے آج تحریری وضاحت طلب کرلی۔

(جاری ہے)

مسٹرجسٹس سید منصور علی شاہ کی عدالت میں درخواست گزار محمد جاوید کی جانب سے بتایاگیاکہ عدالتی حکم کے باوجود بھی خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں وفاقی خاتون محتسب نے کاروائی نہیں روکی ، عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر وفاقی خاتون محتسب کو طلب کیا لیکن پیش نہ ہوئیں جس کے بعد عدالت نے وفاقی خاتون محتسب کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو گرفتارکرکے پیش کرنے کاحکم دے رکھا تھا۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالتی حکم پرعمل درآمد کے لیے مہلت مانگ لی جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگرسرکاری افسران نے عدالتی حکم پرعمل نہیں کرنا تو عدالتوں کو تالے لگادیتے ہیں ،عدالت کی بدقسمتی ہوگی اگر عدالتی احکامات پر عمل نہ ہوا۔ اس موقع پر عدالتی معاون نے استدعاکی کہ عدالت اپنی ساکھ برقراررکھنے کے لیے قانونی راستہ اپنائے۔