ایبٹ آباد میں جرگہ کے حکم پر امبرین کا قتل ایک شرمناک مثال ہے ، عوام سے وہ جرگہ نظام کے خلاف بغاوت کریں

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کابیان

جمعرات 5 مئی 2016 21:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے کہا ہے کہ وہ جرگہ نظام کے خلاف بغاوت کریں جس کے ذریعے بچوں اور خواتین سمیت معصوم لوگوں کی زندگی اور موت کے فیصلے کیے جاتے ہیں، ایبٹ آباد میں امبرین سانحے کی مذمت کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایبٹ آباد میں جرگہ کے حکم پر امبرین کا قتل ایک شرمناک مثال ہے کہ یہ جرگے کہ غیر انسانی دنیا بسانے کے لیے کس طرح معاشرے کو یرغمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے معصوم امبرین کے وحشی قاتلوں کو سزا سے بچنے کی کوئی معافی نہیں ملنی چاہیے،پراسیکیوشن اور عدالت کو چاہیے کہ دونوں اس جرگہ اور غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کو روکنے میں اپنی ذمیواریاں سر انجام دیں اور ملزمان کو سزائیں دے کر ایک مثال قائم کریں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ان جرگوں اور غیرت کے نام پر قتل کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور ان واقعات کو کبھی قبول نہیں کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے معصوم امبرین کے ورثاء سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یکجہتی کی یقین دہانی کرائی۔