ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شاہراہ فیصل پر درخت کاٹے جانے کا نوٹس لے لیا ،درخت کاٹنے والوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرادی

جمعرات 5 مئی 2016 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے شاہراہ فیصل پر درخت کاٹے جانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے درخت کاٹنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی ہے جبکہ ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اسد اﷲ شاہ کو فوری طور پر اپنے دفتر طلب کرلیا اور تفصیلات معلوم کیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات شاہراہ فیصل پر درخت کاٹے جانے کی اطلاع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے فوری طور پر ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر سے وضاحت طلب کی اور درخت کاٹنے والوں کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج بھی کرادی جبکہ کیمروں سے کی گئی مانیٹرنگ کے دوران کاٹے گئے درخت لے جانے والے ٹرک کے نمبر کی بھی نشاندہی ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے متعلقہ محکمے کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایسے اقدامات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ کوئی بھی درخت نہ کاٹنے پائے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سٹی وارڈنز کی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں اور ان کے گشت میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ درختوں کی وجہ سے ماحول پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں اور شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے لہٰذا ایسے ہر اقدام کی حوصلہ شکنی کی جائے گی کہ جس سے شہر کے ماحول پر منفی اثرات مرتب ہوں، انہوں نے کہا کہ درخت کاٹنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے تاکہ انہیں آئندہ اس کام سے روکا جاسکے انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف مقامات پر لگے کیمروں سے بھی مدد لی جائے گی تاکہ مختلف شاہراہوں پر موجود درختوں کو اگر کوئی نقصان پہنچائے تو اس کی باآسانی نشاندہی ہوسکے، انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ جہاں کہیں بھی درخت کٹتے ہوئے دیکھیں فوری طور پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے شکایت نمبر 1339 پر اطلاع دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :