اے این ایف نے2ارب99کروڑ روپے مالیت کی 2.086ٹن منشیات برآمد کر لی

12ملک گیر کاروائیوں میں 1غیر ملکی سمیت 14ملزمان گرفتار، 5گاڑیاں ضبط

جمعرات 5 مئی 2016 21:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) اے این ایف نے 12ملک گیر کاروائیوں میں 2.086ٹن منشیات برآمد کر لیں جس کی مالیت عالمی مارکیٹ میں 2ارب99کروڑ روپے ہے۔ برآمد شدہ منشیات میں 1ٹن ایمفیٹامائن، 1.081ٹن چرس، 4.46کلوگرام ہیروئن، 990گرام میتھ ایمفیٹا مائن اور 420گرام کوکین شامل ہے۔ ان کاروائیوں کے دوران 2خواتین اور 1غیر ملکی سمیت 14ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 5گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق،اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی کاروائی کے دوران کلی گابھے زئی، تحصیل گلستان، ضلع کلہ عبداﷲ کے پہاڑوں میں واقع ایک غیر آباد مقام پر چھاپہ مار کر 1000کلوگرام ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔اطلاعات کے مطابق، یہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی دوسری کاروائی میں کوسٹل ہائی وے، گوادر پر واقع ایک غیر آباد مقام پر جھاڑیوں میں چھپائی گئی 975 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

اے این ایف راولپنڈی نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے جی ٹی روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب واقع قائدِ اعظم انٹرنیشنل اسپتال ،کے قریب سے 2گاڑیوں کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 7.5 کلوگرام چرس اور 420گرام کوکین برآمد کر لی اور دوران ِ کاروائی دو ملزمان کو گرفتارکر لیا۔دوسری کاروائی میں اے این ایف راولپنڈی نے حسن ابدال ،اٹک کے قریب سے ایک سوزوکی بولان گاڑی کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 1.2 کلوگرام ہیروئن برآمد کرکے گاڑی میں سوار 1ملزم کو حراست میں لے لیا ۔

جبکہ تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے آئی جے پی روڈ ، راولپنڈی پر واقع منڈی موڑ کے قریب شیل پٹرول پمپ کے قریب سے 2مقامی منشیات فروشوں کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے 3کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ اے این ایف لاہور ائیر پورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ ، لاہور پر ایک نائجیرین باشندے کو گرفتار کر لیا جس نے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کیا۔

بعد ازاں80ہیروئن بھرے کیپسولوں سے 1.2 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ ملزم براستہ دبئی نائجیریا روانہ ہونا چاہتا تھا۔ دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے خوشاب کے رہائشی محمد عامر نامی ملزم کو سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر گرفتار کیا، جس نے دورانِ تفتیش پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کیا۔ ملزم کی مکمل تلاشی کے دوران، اس کے جوتوں میں چھپائی گئی 770گرام ہیروئن بھی برآمد کر لی گئی۔

ملزم جدہ روانہ ہو رہا تھا۔ تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے کورئیر سروس کمپنی کے سیالکوٹ میں واقع دفتر سے برطانیہ بھیجے جانے والے فٹبالوں کے ایک پارسل کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 890گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ اے این ایف پشاور نے کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر واقع نیو ٹول پلازہ کے قریب سے ایک سوزوکی وین نمبر LES-1384 قبضے میں لے کر اس کے اندر چھپائی گئی 12کلوگرام چرس برآمد کرلی۔

اس کاروائی کے دوران بانا بی بی اور دولت بی بی نامی ڈیرہ اسماعیل خان کی رہائشی 2خواتین اور ان کے مرد ساتھی ہنگو کے رہائشی محمد معروف نامی ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا۔ ایک اور کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے مین موٹروے ٹول پلازہ ، پشاور پر ایک مسافر ہائی ایس کو روک کر اس میں سوار 2ملزمان عرفان اﷲ سکنہ خیبر ایجنسی اور فضل رحمان سکنہ ہنگو کو گرفتار کر لیا جن کی تلاشی کے نتیجے میں ان کے قبضے سے 4.4کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔

اے این ایف کراچی ائیر پورٹ ٹیم نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ ،کراچی پر شکارپور کے رہائشی منظور احمد نامی ملزم کو حراست میں لیا اور اس کے پاس موجود مٹھائی کے ڈبوں میں چھپائی گئی 400گرام ہیروئن اور 990 گرام میتھ امفیٹامائن برآمد کر لی۔ ملزم پی آئی اے کی پروازنمبر PK-761 سے جدہ روانہ ہو رہا تھا۔ دوسری کاروائی میں اے این ایف کراچی نے نہال ہسپتال، ملیر کراچی کے قریب سے ایک سوزوکی ہائی روف کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 79کلوگرام چرس برآمد کر لی،جو گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔گاڑی میں سوار شاہ نواز اور محمد سعید نامی دوملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :