حکومت عوام کو ان کے حقوق دلانا چاہتی ہے ،جائزمطالبات کو اہمیت دیتی ہے ،پرویز خٹک

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا جنگلات کے مالکانہ حقوق کے مسئلے کے حل کیلئے فوری اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دینے کا حکم

جمعرات 5 مئی 2016 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ملاکنڈ ڈویژن میں جنگلات کے مالکانہ حقوق کے مسئلے کے حل کیلئے فوری طور پر ایک اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے ایک ماہ کے اندر کمیٹی کو اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات اُنہوں نے آج وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاکنڈ ڈویژن کے ایک نمائندہ جرگے سے گفتگو کرتے ہوئے جاری کیں ۔

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عنایت اﷲ، معاون خصوصی برائے ماحولیات اشتیاق ارمڑ ، معاون خصوصی برائے اطلاعا ت مشتاق احمد غنی، اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی، محمد علی ، جعفر شاہ اور ملاکنڈ ڈویژن کے عمائدین کے علاوہ سیکرٹری ماحولیات ، سیکرٹری قانون اور دوسرے حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نے جنگلات آرڈنینس2002 سے جنگلات کے مالکانہ حقوق کے بارے میں پیدا شدہ خدشات دور کرنے اور صوبے میں جنگلات کی رائلٹی کی شرح میں یکسانیت پیدا کرنے کا مطالبہ کیا ۔

انہوں نے صوبائی حکومت کی جنگلات کے تحفظ کیلئے پالیسی کو سراہتے ہوئے جنگلات کے تحفظ کیلئے علاقے کے عوام کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعلیٰ نے جرگے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت عوام کو انکے حقوق دلانا چاہتی ہے اور انکے جائزمطالبات کو اہمیت دیتی ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے ملاکنڈ ڈویژن میں جنگلات کے مالکانہ حقوق کے مسئلے کے حل کیلئے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ماحولیات اشتیاق ارمڑ کی قیادت میں علاقے کے نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے ایک ماہ کے اندر کمیٹی کو قابل عمل سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومت کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کرے گی اور اس سلسلے میں قانون سازی سمیت تمام اُمور یقینی بنانے کے اقدامات کرے گی تاکہ اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :