اقتصادی راہداری منصوبے کے تکمیل سے ملک میں معاشی انقلاب برپا ہو جائے گا،صدرممنون حسین

تاجر برادری ملک کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، زرعی اجناس کی برآمدات کو فروغ دیا جائے، ملک میں اس وقت اقتصادی پالیسیاں درست سمت میں ہیں، امن و عامہ کی صورتحال میں بہتری آئی ہے،ملتان چیمبر کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 5 مئی 2016 21:10

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تکمیل سے ملک میں معاشی انقلاب برپا ہو جائے گا اور امن وامان کی بہتری سے کاروبارے ماحول بہتر ہوا ہے۔ یہ بات انہوں نے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام منعقد کی جانے والی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہی۔صدر مملکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر اور صنعت کار برادری کو اپنے آپ کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا چاہیے تاکہ وہ آنے والے چیلنجوں کا مقابلہ کر سکیں اور بین الاقوامی تجارت میں اپنی حیثیت منو ا سکیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری ملک کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، ان کی مدد اور اعانت کے بغیر زیادہ پیش رفت نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں تاجر برادری کو چاہیے کہ وہ حکومت کو ٹھوس تجاویز دیں تاکہ اقتصادی پالیسی بناتے وقت تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے شامل ہو اور جامع اور مو?ثر پالیسی بن سکے۔ صدر مملکت نے تاجر اور صنعت کار برادری پر زور دیا کہ وہ روائتی مصنوعات، دستکاری اور کشیدہ کاری وغیرہ پر بھی توجہ دیں جو ہمارے ملک کی سیاحت اور برآمدات کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہیں اور اس سے علاقائی ثقافت کی عکاسی ہوتی ہے۔

صدر مملکت نے ملتان کے کاشت کاروں اور صنعت کاروں کے درمیان روابط کے لییایک فورم بنانے کی بھی تجویز دی جس کے ذریعے زرعی اجناس کی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے اور زرعی پیداوارمیں ہونے والے نقصانات سے بچا جا سکے۔صدر مملکت نے تاجروں اور صنعت کاروں کو یقین دلایا کہ سینٹر آف ایکسیلنس، ایکسپورٹ ڈسپلے سنٹر اور کولڈ اسٹوریج کے قیام کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت اقتصادی پالیسیاں درست سمت میں ہیں جن کے نتیجے میں حالات میں بہتری آ رہی ہے۔ اقتصادی راہ داہداری کے فعال ہو جانے کے بعد پاکستان اس خطے کا اہم ترین ملک بن جائے گا اور یہ منصوبہ پورے خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت کی درست پالیسیوں کی وجہ سے توانائی کے بحران میں بتدریج کمی آر ہی ہے جس سے صنعت کاروں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بدامنی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت اقدامات کیے ہیں جس سے امن و عامہ کی صورتِ حال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گردکے خاتمے تک جارے رہے گا اور بہت جلد ملک میں مکمل طور پر امن بحال ہو جائے گا۔اس سے قبل ملتان شہر کے ممتاز شہریوں ، زراعت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے صدر مملکت سے ملاقات کی۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ اور وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :