محکمہ لائیوسٹاک کی طرف سے چولستان میں بیماراونٹوں کے علاج کے لیے 34ٹیمیں تشکیل

جمعرات 5 مئی 2016 20:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء ) صوبہ سندھ کے علاقے تھرپارکر کے اونٹوں میں پائی جانے والی بیماری کاپنجاب میں بھی پھیلنے کاشدید خطرہ ہے۔2010میں ایسی بیماری سے پنجاب کے اونٹ پال حضرات کاکافی نقصان ہواتھا۔ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب نے حفظ ماتقدم چولستان بشمول بہاولپور، بہاولنگر اوررحیم یارخان میں متاثرہ اونٹوں کے علاج ومعالجہ اور تشخیص کے لیے سینئرڈاکٹروں پرمشتمل 34ٹیمیں تشکیل دی ہیں جوچولستان کے علاقے میں علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کررہی ہیں انکے ساتھ ضلعی سطح کی 5موبائل لیبارٹریز بھی شامل ہیں جوموقع پربیمارجانوروں کے نمونہ جات حاصل کرکے تشخیص کی سہولیات فراہم کررہی ہیں۔

محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے تمام اونٹ پال حضرات کو انکے موبائل فون پربیماری اوردیکھ بھال بارے ایس ایم ایس (پیغامات) فرداً فرداً دیئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ لائیوسٹاک کی ٹیموں کے ہمراہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہورنے بھی اپنے ماہرین کی ٹیمیں روانہ کی ہیں۔ یہ تمام ٹیمیں چولستان کے علاقے میں اونٹ پال حضرات کے ڈیروں اورچراگاہوں میں اونٹوں کوعلاج معالجہ اورمفت ادویات کی سہولیات فراہم کررہی ہیں۔

اب تک ان ٹیموں نے ضلع بہاولپورمیں802،ضلع رحیم یارخان میں 356اورملتان میں 106بیماراونٹوں کاعلاج کیاہے اورتمام اونٹ اب صحت مند ہیں۔ محکمہ لائیوسٹاک کی طرف سے ڈاکٹر محمد نواز سعید ڈائریکٹر جنرل (توسیع) موقع پرموجود ہیں جبکہ ڈاکٹر ملک نواز پراجیکٹ ڈائریکٹر صوبائی تشخیصی لیبارٹریز اورڈاکٹرشبیرشاہد ڈائریکٹر لائیوسٹاک بہاولپور ڈویژن ذاتی طورپر تمام امورکی نگرانی کررہے ہیں۔

بیماری کی صورت میں ضلع بہاولپور کے چولستان کے علاقے کے لیے ڈاکٹر علی رضا عباسی سینئر ویٹرنری آفیسر بہاولپور فون نمبر0300-6823260، ضلع بہاولنگر کے چولستان کے علاقہ کے لیے ڈاکٹرحق نواز ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسر بہاولنگرفون نمبر0322-6963284 اور ضلع رحیم یارخان کے چولستان کے علاقہ کے لیے ڈاکٹرمحمداصغر رامے سینئرویٹرنری آفیسررحیم یارخان فون نمبر0301-7770388سے رابطہ کریں۔

اونٹ پال حضرات جن کے اونٹوں کوابھی تک محکمہ لائیوسٹاک کی نامزد ٹیموں سے سہولیات حاصل نہیں ہوئی وہ فوری طور اوپر دیے گئے ٹیلی فون نمبرز یا ہیلپ لائن نمبر080009211پررابطہ کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر تمام امدادی ٹیمیں حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کردہ ادویات موقع پر مفت فراہم کررہی ہیں۔مویشی منڈیوں میں بیوپاری حضرات کو مطلع کیاجاتاہے کہ اونٹ خریدنے سے قبل اس کاطبی معائنہ موقع پر موجود ویٹرنری ڈاکٹرسے ضرورکروائیں۔

متعلقہ عنوان :