حکمران احتساب سے بچنے کیلئے تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں‘صاحبزادہ حامد رضا

ٹی اوآرز کے معاملے میں حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہی ہے،زبان دراز وزراء کی بد زبانی غیر جمہوری رویہ ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

جمعرات 5 مئی 2016 20:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء )سُنّی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ گو نواز گو تحریک کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، حکمران احتساب سے بچنے کیلئے تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں، ٹی اوآرز کے معاملے میں حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہی ہے،زبان دراز وزراء کی بد زبانی غیر جمہوری رویہ ہے،اہلسنّت کے سیاسی اتحاد کی کوششیں آخری مراحل میں ہیں، بہت جلد اہلسنّت جماعتوں کا سربراہی اجلاس بلایا جائے گا، شریف خاندان مالی لحاظ سے امیر اورسیاسی لحاظ سے غریب ہو چکا ہے،فوج میں احتساب سیاستدانوں کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ کے سالانہ ختم بخاری شریف کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت کی تین سالہ کاکر دگی مایوس کن ہے۔ن لیگ کے تین سالہ اقتدار میں عوام کے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے۔اﷲ کی بے آواز لاٹھی ظالم حکمرانوں کے خلاف حرکت میں آچکی ہے۔

وزیر اعظم کا احتساب نہ ہوا تو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ نواز شریف نے حکومت اور ن لیگ کو بند گلی میں پہنچا دیا ہے۔مجرم وزیر اعظم اقتدار پر قابض ہے۔وزیر اعظم کو قرضے معاف کرانے والوں کا خیال پانامہ لیکس سے پہلے کیوں نہیں آیا۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ پنجاب کا سارا فنڈ لاہور پر خرچ کیا جارہا ہے۔پنجاب میں ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ جمہوریت کے چمپئن وزیر اعظم چھ چھ ماہ پارلیمنٹ کا رخ نہیں کرتے۔ حکومتی فیصلے کابینہ اور پارلیمنٹ کے بجائے رائیونڈ میں کئے جاتے ہیں۔