4321 سکولوں کو سولرانرجی پر منتقلی، 8فرموں نے ابتدائی طورپرکوالیفائی کرلیا

حتمی کمپنی کا انتخاب مطلوبہ معیار اور شرائط کی روشنی میں ایک دو روز میں کرلیا جائے گا‘صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود

جمعرات 5 مئی 2016 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء ) پنجاب کے مختلف علاقوں میں واقع آف گرڈ اور بجلی کی سہولت سے محروم 4321سکولوں کو سولرانرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے کی تکمیل کے لئے ابتدائی طورپر 8فرموں نے کوالیفائی کرلیا ہے ،جن میں سے مطلوبہ معیار پر پورا کرنے والی کسی فرم کو چند روز میں یہ ٹھیکہ دیا جائے گا-مذکورہ منصوبے کے لئے مجموعی طور پر 25کمپنیوں نے درخواستیں دی تھیں-اس امر کا اظہار صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں نے یہاں محکمہ سکولز ایجوکیشن کے تعلیمی ادارو ں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا- اجلاس میں مختلف فرموں کے نمائندوں کے علاوہ محکمہ انرجی کے حکام بھی موجودتھے-رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے باقی منصوبوں کی طرح سکولوں کو سولرانرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے میں بھی مکمل طور پر شفافیت، میرٹ اور سامان کی اعلی کوالٹی کا بھرپور خیال رکھا جائے گا-انرجی سیکٹر میں کام کرنے والی فرموں کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے ان کی صلاحیت، تجربے اور مالی ، تکنیکی اور قانونی تقاضوں کوہرصورت مدنظر رکھا جائے گا-اس ضمن میں پپراقوانین کی پوری پابندی کی جائے گی- رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پنجاب کے دوردراز علاقوں میں واقع بجلی کی سہولت سے محروم تعلیمی اداروں کی کارکردگی بڑھانے اور طلبہ و اساتذہ کی مشکلات ختم کرنے کے لئے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے تعلیمی ویژن کی روشنی میں سولر انرجی کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے- توانائی کی سہولت کی فراہمی سے ان سکولوں کی آن لائن کونیکٹیو ٹی اور پنجاب کے تعلیمی نظام سے مربوط ہونا ممکن ہوجائے گا-انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 1413ملین روپے لاگت آئے گی-