نرسنگ ایگزامینیشن بورڈ نے پوسٹ بیسک نرسنگ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا

جمعرات 5 مئی 2016 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء )پنجاب نرسنگ ایگزامینیشن بورڈ کے زیر انتظام پوسٹ ڈپلومہ نرسنگ ایگزامینیشن کے نتائج کا اعلان آج سول سیکرٹریٹ میں نرسنگ ایگزامینیشن بورڈ کے چیئرمین اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران ڈیکلئر کیا- کنٹرولر نرسنگ ایگزامینیشن بورڈ میڈم زبیدہ ، ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب نصرت سعید، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران، ڈپٹی سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر ناصرشاکر او رڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ احمد کمال مان بھی موجود تھے-اجلاس میں کنٹرولر نرسنگ ایگزامینیشن بورڈ میڈم زبیدہ نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کو پوسٹ بیسک نرسنگ امتحانات بارے بریفنگ دی- انہوں نے بتایا کہ نرسنگ ڈپلومہ کے بعد 14مختلف سپیشلٹیز میں مجموعی طو رپر 449 طالبات نے امتحان دیا جس میں سے 440پاس ہوئیں جبکہ صرف 9 طالبات فیل ہوئیں- اس طرح امتحانی نتیجہ 98فیصد رہا-انہوں نے بتایا کہ جن 14 سپیشلیٹز میں طالبات نے امتحان دیا ان میں آپریشن تھیٹر،اینتھیزیا نرسنگ، انتہائی نگہداشت ، کارڈیک کیئر ، پیڈیاٹرک نرسنگ، آپتھلمک نرسنگ، سائکاٹری نرسنگ، نیورونرسنگ، نیفرون یورالوجی ، برن نرسنگ، بحالی بون میروٹرانسپلانٹ نرسنگ، آنکولوجی نرسنگ اور ایکسیڈنٹ ایمرجنسی نرسنگ کے شعبے شامل ہیں- پوسٹ ڈپلومہ بیسک نرسنگ کے امتحانات میں پوسٹ گریجوایٹ کالج آف نرسنگ لاہور کی طالبہ ریحانہ کوثر دختر طالب حسین نے نیورو نرسنگ میں 346 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی-آرمڈ فورسز پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ نرسنگ کالج راولپنڈی کی اینتھیزیا کی طالبہ سونیا ارشاد دختر ارشاد احمد خان نے 345نمبر وں کے ساتھ دوسری جبکہ آرمڈ فورسز میڈیکل انسٹی ٹیوٹ نرسنگ کالج راولپنڈی کی سائکاٹری کی طالبہ کائنات حکمت دختر محمد فاروق نے 341نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔