چیئرمین واپڈا کی گورنر خیبرپختونخوا سے بھی ملاقات، فاٹا میں جاری واپڈا پراجیکٹس پر پیش رفت سے آگاہ کیا

مہمند ڈیم کا تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن جنوری 2017 ء تک مکمل ہو جائے گا‘ چیئرمین واپڈاکی پراجیکٹ سائٹ پر گفتگو

جمعرات 5 مئی 2016 20:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء ) چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن پر کام جاری ہے جسے جنوری 2017 ء تک مکمل کر لیاجائے گا۔اِن خیالات کا اظہار انہوں نے فاٹا کی مہمند ایجنسی میں واقع پراجیکٹ سائیٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ جنرل منیجر (ہائیڈرو)پلاننگ، جنرل منیجر(پراجیکٹس)نارتھ اور کنسلٹنٹس کے نمائندے بھی پراجیکٹ سائٹ پر موجود تھے۔

اپنے دورے میں چیئرمین واپڈا نے منصوبے کے تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن کیلئے سائٹ پر جاری جغرافیائی سروے اور ارضیاتی کاموں کا بھی مشاہدہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ مہمند ڈیم ایک کثیرالمقاصد منصوبہ ہے جو ملک کی اقتصادی اور معاشرتی ترقی کیلئے نہایت اہم ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے سے کم لاگت پن بجلی پیدا ہوگی،زرعی مقاصد کیلئے پانی فراہم کیا جائے گا جبکہ چارسدہ، پشاور اور نوشہرہ میں سیلاب کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ پراجیکٹ پر تعمیراتی کام شروع کیا جاسکے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 1.3 ملین ایکڑ فٹ ہے جس کی بدولت سیلاب سے بچا جاسکے گا اور 17ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔پراجیکٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 800 میگاواٹ ہے اور اپنی تکمیل پر یہ منصوبہ قومی نظام کو ہر سال 3 ارب یونٹ بجلی فراہم کرے گا۔

بعد ازاں چیئرمین واپڈا نے خیبرپختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑاسے ملاقات کی اور انہیں فاٹا میں واپڈا پراجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ ان منصوبوں میں مہمند ڈیم، کرم تنگی ڈیم اور باڑہ ڈیم شامل ہیں۔چیئرمین واپڈا نے گورنر خیرپختونخوا کو بتایا کہ مہمند ڈیم کا تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن فرانس کی ڈویلپمنٹ ایجنسی اے ایف ڈی کی جانب سے فراہم کی جانے والی 10ملین یورو کی مالی معاونت سے تیار کیا جارہا ہے۔

اے ایف ڈی نے پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران بھی فنڈز کی فراہمی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں واقع کرم تنگی ڈیم کے سٹیج I- کی تعمیر کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ کیا جاچکا ہے جس کیلئے یو ایس ایڈ 81 ملین ڈالر فراہم کر رہا ہے۔ سٹیج I- تین سال میں مکمل ہوگا جس سے شمالی وزیرستان ایجنسی میں 16 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہونے کے ساتھ ساتھ 18 میگاواٹ بجلی کی پیداوار ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خیبرایجنسی میں واقع باڑہ ڈیم کے تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن پر کام مکمل ہو چکا ہے اور پراجیکٹ کا پی سی I- منظوری کے لئے بھجوایا جارہا ہے۔ باڑہ ڈیم سے 42 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی جبکہ 6 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔