لاہور ہائیکورٹ کے 40 وکلاء ایم کیو ایم میں شامل ہوگئے،شبیر خان

ایم کیو ایم پر شروع دن سے الزمات لگ رہے ہیں، اگر ہم را کے ایجنٹ ہوتے تو وکلاء ایم کیو ایم میں شامل نہیں ہوتے ایم کیو ایم نے ہمیشہ صحافت اور میڈیا کا احترام کیا، ہمیں پاکستانی تصور نہیں کیا جاتا،رکن رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس

جمعرات 5 مئی 2016 19:30

لاہور ہائیکورٹ کے 40 وکلاء ایم کیو ایم میں شامل ہوگئے،شبیر خان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مئی۔2016ء) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر خان نے کہا ہے کہ دو دن پہلے لاہور ہائیکورٹ سے تعلق رکھنے والے چالیس کے قریب سینیئر وکلاء نے ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ ایم کیو ایم پر شروع دن سے الزمات لگ رہے ہیں۔ اگر ہم را کے ایجنٹ ہوتے تو وکلاء ایم کیو ایم میں شامل نہیں ہوتے۔ جمعرات کے روز نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ممبر رابطہ کمیٹی شبیر خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ صحافت اور میڈیا کا احترام کیا ہے۔

ہمیں پاکستانی تصور نہیں کیا جاتا ہمارے بڑوں نے پاکستان کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ جب بھی کوئی برا وقت آئے گا تو اہم کیو ایم کے کارکنان پاک فوج سے آگے بڑھ کر اپنے وطن کا دفاع کریں گے۔

(جاری ہے)

ہم اپنے سینے کیسے چیر کر دکھائیں کہ ہم بہت محب وطن لوگ ہیں ہم نے اپنے ایک سو پچھتر کارکنان کو بازیاب کروانے کیلئے لسٹ سپریم کورٹ میں دی ہے۔ اگر ایم کیو ایم میں کوئی کارکن مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہے تو اس کی نشاندہی کریں ہم خود اسے نکال باہر کریں گے۔

قدرتی آفات میں سب سے پہلے ایم کیو ایم پہنچتی ہے ہمارے قائد کا نعرہ ہے کہ ایسا انقلاب برپا کرو کہ غریبوں کی حکمرانی ہو ہمارے ساتھ معروف ٹی وی آرٹسٹ شمیم اختر بھی شامل ہوئی ہیں۔ 4000 یا چار سو افراد کی نہیں کہہ رہے اس ماحول میں جب ایم کیو ایم پر الزامات کی بوجھاڑ ہے چالیس لوگوں کا ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ ہم حق اور سچ پر ہیں۔

ہم بہت جلد پنجاب اور پورے پاکستان میں لائرز ونگ آرگنائز کرنے جارہے ہیں پنجاب میں تمام تحصیلوں میں یہ ونگ قائم کریں گے۔ تاکہ غریبوں کو انصاف ملے اور ان کی داد رسی ممکن ہو۔ میاں صاحب پر بھی پانامہ لیکس کا الزام ہے الزامات سب پر لگتے ہیں۔ اصل حقیقت ثبوت ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ولی بابر ایک معزز اور محترم صحافی تھے ہمارے دوست تھے ہم پر ان کے قتل کا الزام صرف ایک الزام ہے سکھر جیل میں ہمارے کچھ ساتھی قید ہیں ۔

کورٹ اس کا فیصلہ کرے گی۔ ظلم و جبر سے کسی تنظیم کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ جنرل راحیل کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے آفتاب حسین کے قتل پر ہماری داد رسی کی اور ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہم چاہتے ہیں کہ تمام تحقیقات ایجنسیاں کریں تاکہ انصاف ہوسکے۔ ابہوں نے کہاکہ ہم مینڈیٹ لے کر آتے ہیں جھوٹے ووٹ لے کر نہیں آتے کراچی پاکستان کا انڈسٹریل حب ہے اور ہم کراچی سے 80 فیصد سے زیادہ ووٹ لیتے ہیں۔

کوئی جماعت جو کسی شہر سے 80 فیصد سے زائد ووٹ لیتی ہو تو وہ کیسے چاہے گی کہ شہر میں بدامنی ہو۔ کراچی چلے گا تو پاکستان چلے گا۔ ہمارے قائد نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ کراچی میں طالبانائزیشن ہورہی ہے ہمارے وزراء اس پیشنگوئی پر ہنستے تھے انہیں فرصت نہیں ملتی ایم کیو ایم وہ واحد جماعت ہے جس میں بہن اور بیٹیوں کی عزت کی جاتی ہے۔ یہ جب جلسوں میں آتی ہیں تو بالکل اس طرح محسوس کرتی ہیں کہ جیسے اپنے میکے آگئی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی سوشل میڈیا پر ٹھمکا لگانے والی ویڈیو ثابت کرتی ہے وہ باکل صحت مند اور تندرست ہیں انہیں کوئی جان لیوا بیماری نہیں۔ (عابد شاہ)