عمر اکمل کیساتھ جو ہوا وہ اسکی حرکتوں کا نتیجہ، آفریدی بوڑھا ہو چکا ، کرکٹ اسکے بس کی بات نہیں رہی ، عبدالقادر

جمعرات 5 مئی 2016 18:59

عمر اکمل کیساتھ جو ہوا وہ اسکی حرکتوں کا نتیجہ، آفریدی بوڑھا ہو چکا ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ سفارشی کلچر نے کرکٹ سمیت قومی کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو تباہ و برباد کر دیا،پی سی بی میں اعلی عہدیداران سفارش پر بھرتی ہیں،عمر اکمل کے ساتھ جو ہوا ہے وہ اس کی اپنی حرکتوں کا نتیجہ ہے،شاہد آفریدی اب بوڑھا ہو چکا ہے ، کرکٹ اس کے بس کی بات نہیں رہی ہے،ویون رچرڈز اچھا کوچ ثابت ہو سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام کھیلوں کے سالانہ مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی۔پی سی بی میں اعلی عہدوں پر فائز افراد سفارش پر بھرتی ہیں۔

(جاری ہے)

عمر اکمل کے ساتھ جو ہوا ہے وہ اس کے اپنی حرکتوں کا نتیجہ ہے۔

سابق کپتان شاہد آفریدی اب بوڑھا ہو چکا ہے ، کرکٹ اس کے بس کی بات نہیں رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوچنگ کیلئے مقامی کھلاڑی ہونا چاہیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی کسی اور ملک میں کوچنگ پر پابندی کا قانون پاس ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کوچ ہی اگر منگوانا ہی ہے تو پھر ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز ووین رچرڈ کو بلایا جائے جو پاکستان میں خدمت انجام دینے کیلئے رضا مند بھی ہیں۔

یونیورسٹیز کے اندر کرکٹ پر توجہ دے کر پڑھے لکھے کرکٹرز پیدا کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انضمام الحق کو بھی سوچ سمجھ کر کوئی عہدہ قبول کرنا چاہیے۔میرے سمیت بہت سے سینئر کرکٹرز اس کرکٹ بورڈ کے سفارشی کلچر میں کام کرنے سے تائب ہو چکے ہیں۔تقریب سے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری، خرم نواز گنڈاپور، سجاد العزیز، اقبال مرتضیٰ نے خطاب کیا۔

سالانہ کھیلوں کے مقابلوں میں کرکٹ، فٹبال، والی بال، بیڈمنٹن، کراٹے، ٹیبل ٹینس اور بیس بال کے کھیل شامل تھے۔ مہمانان خصوصی نے اول، دوئم ،سوئم پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔عبدالقادر نے بہترین تعلیمی ماحول دینے اور سپورٹس سرگرمیوں پر توجہ دینے پر منہاج یونیورسٹی کی انتظامیہ بالخصوص بورڈ آف گورنر ز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور ڈاکٹر حسن محی الدین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ جدید اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں کردار ادا کرنے والے اس ملک اور قوم کے محسن ہیں۔انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کے نوجوانوں کا سپورٹس میں ٹیلنٹ اور جوش و خروش دیکھتے ہوئے میں کرکٹ کی کھلاڑیوں کی کوچنگ اور ٹریننگ کیلئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فضل محمود، حنیف محمد جیسے عظیم کرکٹر کو ضائع کر دیاگیا۔ظہیر عباس کو عہدہ دے کر مصروف کرنے کی بجائے اس سے کرکٹ سیکھی جائے۔

پاکستان کو کھیلوں کے حوالے سے اس کا کھویا ہوا شاندار ماضی واپس دلانے کیلئے ہر قومی کرکٹر اور کھلاڑی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے عبدالقادر کو منہاج یونیورسٹی میں خوش آمدید کہا اور مقابلوں میں اول ،دوئم، سوئم پوزیشنیں حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی۔بعدازاں قومی کرکٹ ہیرو عبدالقادر نے منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام چلنے والے ادارے آغوش کا دورہ بھی کیا اور یتیم بچوں کے معیاری تعلیم و تربیت پر انہوں نے منہاج ویلفیئر انتظامیہ اور ڈاکٹر محمد طاہر القادر ی کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ اصل دین اور سیاست خدمت خلق کا نام ہے۔

متعلقہ عنوان :